بسمہ معروف ورلڈ ٹی 20 تک قومی ویمنز ٹیم کی کپتان برقرار

بسمہ معروف کو آئندہ برس آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے، آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی20 میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی۔

اقبال امام کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ قومی ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پراقبال امام نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں، بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے امید ظاہرکی ہے کہ قومی ویمنز ٹیم اب مزید ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔

چیف سلیکٹر ویمنز ٹیم عروج ممتازنے کہا کہ بسمعہ معروف تجربہ کار کرکٹراورکپتانی کے عہدے کی اہل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریزکے شیڈول کا اعلان بھی کردیا،سیریز 3 ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز پرمشتمل ہوگی۔

پاکستان اورانگلینڈ ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز ملائیشیا میں کھیلی جائے گی، ون ڈے میچز 9 دسمبر ، 12 دسمبراور14 دسمبرکو کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے میچزآئی سی سی ویمنز چیمپئین شپ کا حصہ ہیں، تین ٹی 20 میچز 17، 19 اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔