34 سالہ سنا مارین اسی ہفتے حلف اٹھا لیں گی۔فائل فوٹو
34 سالہ سنا مارین اسی ہفتے حلف اٹھا لیں گی۔فائل فوٹو

دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم منتخب

فن لینڈ میں نومنتخب وزیراعظم 34 سالہ سنا مارین نے دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فن لینڈ میں وزیراعظم آنتی رائے کے مستعفی ہونے کے بعد حکمراں جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے کابینہ کی رکن سنا مارین کو وزیراعظم نامزد کردیا،اتحادی جماعتوں کی حمایت کے بعد ان کا انتخاب عمل میں آگیا ہے اوراس ہفتے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیں گی۔

34 سالہ سنا مارین اگرعہدے کا حلف اُٹھالیتی ہیں تو وہ دنیا کی سب سے کم عمر وزیراعظم بن جائیں گی اور اپنے وطن کی وہ تیسری خاتون وزیراعظم ہوں گی۔ اس وقت دنیا کی سب کم عمر خاتون وزیراعظم کا اعزاز نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسِنڈا آرڈرن (39 سال) اور مردوں میں یوکرین کے وزیرِاعظم اولیکسی ہونچاروک (35 سال) کے پاس ہے۔

سنا مارین اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ کی ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں، اپریل میں ہونے والے انتخابات میں سنا مارین کی پارٹی سب سے بڑی جماعت ثابت ہوئی تھی تاہم حکومت میں 4 اتحادی جماعتوں کو شامل کیا گیا تھا اس طرح کابینہ پانچ جماعتی اتحاد پر مشتمل ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان پانچوں جماعتوں کی سربراہاں خواتین ہی ہیں۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم آنتی رائے کو ملک میں ہونے والی ڈاک ہڑتال پر قابو پالینے کے طریقہ کار پر پانچ میں سے ایک اتحادی جماعت کا اعتماد کھو دیا تھا جس کے باعث انہیں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا تھا۔