خیبرپختونخوا کے ایک اور وزیرکا کرپشن کا اعتراف

صوبائی وزیر ریونیو شکیل خان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں کچھ اداروں میں کرپشن ہو رہی ہے جس پر مجھ سمیت پی ٹی آئی کے حکومتی ممبران اورورکرزکو شدید تحفظات ہیں جنہیں وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گروپنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں اورنہ ہی پارٹی میں کوئی گروپ متحرک ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں مزید بتایا کہ ہمیں گورننس کے معاملات پر بہت تحفظات ہیں کچھ بیوروکریٹس صوبے کے اندر بیٹھ کراپنے ذاتی مفاد کو دیکھتے ہوئے میرٹ کے برعکس تقرریاں اورتبادلے کررہے ہیں، ہم نے اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے اورآئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے منشور کا سب سے اہم جزو کرپشن کا سدباب کرنا ہے اوراسی کے خاتمے کے لیے ہمیں ووٹ ملا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کرنے کے بعد وزیراعلیٰ محمود خان شکایت لے کر وزیراعظم عمران خان کے پاس بنی گالہ پہنچ گئے تھے۔اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت میں اختلافات کے معاملہ کو حل کرنے کے لیے صوبائی اسپیکر مشتاق غنی نے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

Comments (0)
Add Comment