ترچھی ٹوپی والے سازشوں میں مصروف ہیں۔فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ترچھی ٹوپی والی سرکار لندن میں بیٹھ کرحکومت گرانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارٹی آئین کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کاروائی کی جائے گی، خیبر پختونخوا کے تین وزرا کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کرپشن کاخاتمہ اس ملک کا نصب العین ہے، 16 ماہ کی حکومت نے کرپشن کے خلاف سخت ترین فیصلے کئے ہیں، ملک میں کرپشن فری کے خلاف جہاد کو منتقی انجام تک پہنچائیں گے، مافیا نے ملک کے گلے سڑے نظام سے فائدہ اٹھایا ہے، کرپشن میں شراکت داری کرنے والوں کے خلاف کڑا احتساب کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ترچھی ٹوپی والی سرکار لندن میں بیٹھ کر حکومت گرانے کی سازشوں میں مصروف ہے، بیماری کی آڑ میں لندن میں بیٹھا ٹولہ سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ان کو منہ کی کھانا پڑی ہے

انہوں نے کہاکہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ملک کو کامیاب بنانےکے لیے پرعزم ہیں، پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے منتخب حکومت کا ساتھ دینے کے لئے سیاسی جماعتیں اپنا کردارادا کریں۔