امریکہ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے بڑھ گئی۔فائل فوٹو
امریکہ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے بڑھ گئی۔فائل فوٹو

عالمگیر وبا سے ہلاکتیں 4 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

کرونا کی عالمگیر وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 94 ہزار224 سے تجاوزکرگئی، وائرس سے اب تک 67 لاکھ 50 ہزارافراد متاثر ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھر میں 5 ہزار500 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 32 لاکھ 70 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,031 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 110,173 ہو گئی ہے، جبکہ 19 لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 22 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر7 لاکھ 12 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم اب بھی 17 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 30,281 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 83 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا سرفہرست ملک ہے، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 176 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 39,904 ہو گئی ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 81 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا گیا۔

برازیل نے ہلاکتوں میں فرانس اور اسپین کے بعد اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ برازیل ہلاکتوں کی تعداد میں تیسرا ملک بن چکا ہے جہاں ہلاکتیں بڑھ کر 34,039 ہو گئی ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 6 لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 1,492 ہلاکتیں ہوئیں۔

یورپی ملک اٹلی چوتھا ملک ہے جہاں وائرس سے اب تک 33,689 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 1 لاکھ 61 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 400 کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 88 اموات ہوئیں۔

روس میں 4 لاکھ 49 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 5,528 سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں۔

فرانس اوراسپین بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، فرانس میں ہلاکتیں 29,065 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 52 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔ اسپین میں 27,133 افراد وائرس کا شکار ہو کرمرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

جرمنی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار736 سو سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزارسے تجاوز کرگئی ہے۔

ایران میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار71 سے بڑھ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 64 ہزار سے تجاوزکرگئی۔

ترکی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار630 سے زائد جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار555  ہوگئی ہے۔

بھارت میں بھی کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد2لاکھ،27 ہزار543 تک پہنچ گئی اوردنیا بھرمیں ساتویں نمبر پرآگیا جبکہ ہلاکتوں کی تعداد6 ہزار367سے تجاوزکرگئی۔