لیور پول 30 سال بعد انگلش پریمیر لیگ کا چیمپین بن گیا

انگلش پریمیر لیگ کا ٹائٹل لیورپول نے 30 سال بعد جیت لیا جس پر برطانیہ بھر میں جشن کا سماں رہا اور خوشی میں من چلوں نے آتش بازی کی اورخوب جشن منایا۔

تفصیلات کے مطابق محمد صلاح کی ٹیم لیورپول نے آخری مرتبہ 1990 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک چیمپین بننے میں ناکام تھا تاہم 30 سال بعد ایک مرتبہ پھر چیمپین کا تاج لیور پول کے سر پر سج گیا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لیورپول نے انگلش پریمیر لیگ میں اب بھی سات میچز کھیلنے ہیں لیکن پوائنٹس کے باعث وہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے اور مانچسٹر سٹی کیخلاف چیلسی کی جیت نے لیورپول کو 30سال بعد انگلش پریمیر لیگ کا چیمپین بنایا ہے، رواں سیزن میں لیور پول نے 31 میں سے 28 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

لیورل پول کی فتح پر شہر کے میئر کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث لوگوں کو گھروں پر رہنے کی اپیل کے باوجود ہزاروں مداح جشن منانے کے لیے جمع ہوئے جبکہ لیور پول کے کئی کھلاڑیوں نے بھی جشن میں شرکت کی۔ برطانیہ بھر میں جشن کا سماں رہا، خوشی میں من چلوں نے آتش بازی کی اور خوب جشن منایا۔