شان مسعودشاندار سینچری رنز بنا کرکریزپرموجود ہیں،فائل فوٹو
شان مسعودشاندار سینچری رنز بنا کرکریزپرموجود ہیں،فائل فوٹو

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ جاری۔شان مسعود کی شاندار سینچری

پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے۔

کورونا وائرس کے سائے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی اوراب پاکستان کے خلاف سیریزکا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ دوسرے دن پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر139 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

وکٹ پر موجود بابراعظم پہلے روز 69 رنز بناچکے تھے تاہم دوسرے روز جیمز اینڈرسن نے انہیں اپنی اننگزکو مزید آگے بڑھانے نہیں دیا اور پہلے ہی اوور میں پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد تجربہ کار بلے باز اسد شفیق بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 7 رنز کے مہمان ہی ثابت ہوئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کا شکار بنے۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے کے بعد5وکٹوں کے نقصان پر245رنز بنا لیے،اوپنر بلے باز شان مسعود سینچری بنا کرکریزپرموجود ہیں،ان کا ساتھ شاداب خان دے رہے ہیں  جو35رنز بنا کرانگلش بولرکا حوصلہ مندی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 2، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اورجوفرا آرچرنے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر رہا اور صرف 49 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جس میں پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر139 رنز بنالیے تھے۔

اوپنرعابد علی صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں جوفرا آرچر نے کلین بولڈ کیا جس کے بعد کپتان اظہرعلی بیٹنگ کے لیے آئے، کرس ووکس نے انہیں کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، رورئے برنس، بین اسٹوک، اولے پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔