ڈرون اڑانے کے خواہشمندوں کیلئے ڈرون پائلٹ سرٹیفکیٹ لینے کاقانون نافذ

کینیڈا کے وفاقی وزیرٹرانسپورٹ مارک گیریو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان کردہ نئے قانون کے مطابق کینیڈا میں ڈرون اڑانے کے خواہشمندوں کو آن لائن امتحان پاس کرکے ڈرون پائلٹ سرٹیفکیٹ لینا ہوگا۔

کینیڈین حکومت کے نئے قوانین یکم جون سے نافذالعمل ہیں جو ملک بھر کے تمام ڈرون آپریٹرز پر لاگوں ہونگے چاہے وہ ڈرونز کوتحقیقی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہوں، روزمرہ کاموں کیلئے یا پھر کسی اورکام کیلئے۔

لائسنس لینے والے ڈرون آپریٹرز کو اپنے ڈرونز کی رجسٹریشن کروانے کے بعد ڈرونز پررجسٹریشن نمبر لگانے ہونگے،حکومت نے بنیادی رجسٹریشن کیلئے عمر کی حد کم سے کم 14سال رکھی ہے جبکہ ایڈوانس لیول کیلئے عمر کی حد 16سال رکھی گئی ہے۔

کینیڈا میں ڈرون اڑانے والے لائسنس یافتہ پائلٹس کے ڈرونز کی فضائی حد زمین سے 122میٹریا400فٹ تک ہوگی اس سے زیادہ بلندی پر ڈرونز اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے نئے متعارف کروائے گئے قوانین کے تحت ڈرونز کا کم سے کم وزن 250سو گرام جبکہ زیادہ سے زیادہ وزن 25کلو ہوگا، ان نئے قوانین کامقصد ہوائی جہازوں کے سفر کومحفوظ بناتے ہوئے ڈرونز استعمال کرنے والوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

نئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے 25ہزار ڈالر جرمانہ اورقید کی سزامتعین کی گئی ہے ۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کینیڈا کی جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق حالیہ برسوں میں فضائی حفاظت کے معاملات میں بہت زیادہ گڑبڑ دیکھی گئی ہے جس کی بڑی وجہ مسلسل فضائی حادثات میں اضافہ ہے کیونکہ 2014میں ہونے والے 38حادثات 2017میں بڑھ کر 135تک پہنچ گئے ہیں۔