مناسک حج کا آج سے آغاز – قانون توڑنے پر 6 افراد کو سزائیں

0

جدہ (صباح نیوز) سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگا،جبکہ حج قوانین کی خلاف ورزی پر 5 سعودیوں اور ایک غیر ملکی کو قید، جرمانے و بیدخلی کی سزائیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عازمین حج مناسک حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں، جہاں رات قیام کے بعد وہ میدان عرفات روانہ ہوں گے اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے بعد ظہر و عصر کی قصر نمازیں ایکساتھ ادا کی جائیں گی۔ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کرکے سورج غروب ہونے پر حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے، جہاں وہ مغرب و عشا کی نمازیں اکٹھی ادا کرینگے۔ مزدلفہ میں رمی جمرات کیلئے کنکریاں چنیں گے اور طلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہوجائیں گے۔ حج کے تیسرے روز حجاج کرام مزدلفہ میں نماز فجر ادا کر لے طلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، جہاں شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ اسکے بعد حجاج جانور کی قربانی اورسر منڈوا کر احرام کھول دیں گے،مکہ المکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کرنے کے بعد حجاج کرام واپس منیٰ چلے جائیں گے۔ دوسری جانب سعودی محکمہ پاسپورٹ نے حج قوانین کی خلاف ورزی پر 5 مقامی شہریوں اور ایک مقیم غیر ملکی کو قید ، جرمانے اور بیدخلی کی سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجازت نامے کے بغیر عازمین کو مقامات حج پر لے جانے والے شہری فیصل العتیبی کو 15دن قید ، ایک لاکھ 10ہزار ریال جرمانے اور تشہیر کی سزا ہوگی۔ غیر ملکی احسان الحق محمد یوسف کو 15روز قید ، 20ہزار ریال جرمانے ، تشہیر اور سزا کاٹنے کے بعد ملک سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں احمد الیامی، احمد الشیخی، زاہر القحطانی، حمید المعابدی اور عوض الزہرانی کو بھی قید، جرمانے اور تشہیر کی سزا ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More