مسلم لیگ ہائوس کارساز میں تعزیت کا سلسلہ شروع۔آج قرآن خوانی

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال کے بعد مسلم لیگ ہاؤس کارساز پر تعزیتی اجتماع ہوا، جس میں پارٹی رہنما شاہ محمد شاہ، رانا مشہود،علی اکبر گجر، رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی ، خالد شیخ و دیگر نے افسوس کا اظہار کیا اور آنےوالے افراد سے تعزیتیں وصول کیں۔شاہ محمد شاہ نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز باہمت و باوقار خاتون تھیں۔انہوں نے آمر پرویز مشرف کے دور میں جمہوریت کی بحالی کے لیے جدو جہد کی، جو ناقابل فراموش ہے۔دریں اثنا مسلم لیگ ہائوس میں آج بروز بدھ سہ پہر 3 بجے قرآن خوانی ہوگی۔نواز لیگ کراچی کے رہنما اسلم خٹک نے تعزیتی ریفرنس میں کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کے استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی ہے۔پاکستان ملت کونسل کے چیئرمین طارق شاداب نے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحومہ کلثوم نواز مشرقی اقدار کی حامل ایک بہادر خاتون تھیں۔ان کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔جماعت اسلامی کے رہنما اسد اللہ بھٹو، ممتاز سہتو، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد، ملی مسلم لیگ کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی، پاکستان یکجہتی کونسل کے چیئرمین پیر سلطان فیاض الحسن ، صاحبزادہ سعید الرشید عباسی ، قاری سجاد تنولی ، مفتی عبدالقادر جعفر ، سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری، نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنما دردانہ صدیقی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More