تیل سپلائی بند ہونے سے پی آئی اے کا آپریشن بیٹھ گیا

0

کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر) پی ایس او کی جانب سے فیول کی فراہمی بند ہونے پر پی آئی اے کی 29 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ کردی گئیں کراچی کی 18، اسلام آباد کی 7 اور لاہور کی 4 پروازیں روانہ نہ کی جاسکیں ۔ ملک بھر میں فلائٹ آپریشن بیٹھ جانے سے پروازوں کی روانگی میں 10 گھنٹے تک تاخیر ہوئی، لاہور روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں نے کراچی ایئر پورٹ پر شدید احتجاج کیا، نجی ایئر لائن کے کاؤنٹر بھی کچھ دیر کیلئے بند کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کو 10 ارب کے واجبات کی ادائیگی کیلئے حتمی نوٹس بھیجنے کے بعد پی ایس او نے بدھ کی رات پی آئی اے کو فیول کی سپلائی بند کر دی۔ ایئر پورٹ پر کھڑے طیاروں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تک فیول ٹینک سے فیول حاصل کیا اور معمولی تاخیر سے پروازیں روانہ ہوتی گئیں، بعد ازاں جمعرات کی صبح پی ایس او کی جانب سے مزید فیول فراہم نہ کرنے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن میں بد نظمی پیدا ہوئی اور جمعرات کو شیڈول 29 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ مذکورہ پروازوں میں ساڑھے 5 ہزار مسافروں کی بکنگ تھی، بیشتر پروازوں کی تاخیر اور منسوخی کی اطلاع نہ ملنے پر ہوائی اڈے پہنچنے والوں کو بتایا گیا کہ ان کی پروازیں ری شیڈول کی جارہی ہیں، جس پر متاثرہ مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ کراچی سے اندرون و بیرون ملک جانیوالی منسوخ پروازوں میں مسقط سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 226 ، اسلام آباد کی پروازیں پی کے319، 373 اور 343، گوادر کی پرواز 504، لاہور کی پرواز پی کے 303، کوئٹہ کی پرواز پی کے 6311 ، بہاول پور کی پرواز پی کے 589 اور نجف کی پرواز پی کے 220 کیساتھ کراچی سے مسقط جانیوالی پرواز پی کے 225 ، رحیم یار خان جانیوالی پرواز پی کے 8558 ، گوادر جانیوالی پرواز پی کے 503 ، مدینہ جانیوالی پرواز پی کے 7656 ، اسلام آباد جانیوالی پروازیں پی کے 368 اور 370 ، بہاولپور جانے والی پرواز پی کے 588 اور کوئٹہ اور نجف جانیوالی پروازیں پی کے 310 اور 219 شامل ہیں ۔ اسی طرح قومی فضائی کمپنی کی مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 702 ، ژوب سے آنے والی پرواز پی کے 690 ، کوئٹہ کی پرواز پی کے 326 اور کراچی کی پرواز 370 کیساتھ اسلام آباد سے ژوب جانے والی پرواز پی کے 689 ، برمنگھم جانے والی پرواز 791 کے ساتھ کراچی کی پرواز پی کے 319 منسوخ ہوئیں جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 302 کیساتھ لاہور سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی پروازیں پی کے 303 اور 322 بھی منسوخ کر دی گئیں ۔ ایئر لائن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کراچی سے لاہورجانے والی پرواز پی کے 316کے مسافروں کیلئے ساڑھے 10گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد متبادل فلائٹ کا انتظام کردیا گیا اور مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کردئیے گئے۔ پرواز پی کے 316 کو گزشتہ رات 9بجے لاہور روانہ ہوناتھا، مسافروں کے مطابق پرواز مسلسل تاخیر کا شکار تھی اور انتظامیہ کی جانب سے تاخیر کی وجہ بھی نہیں بتائی جارہی تھی۔ فلائٹ میں تاخیر کے باعث مسافروں نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لاؤنج میں شدید احتجاج کیا، جس کے باعث جناح ٹرمینل میں بورڈنگ متاثر ہوئی اور مختلف ایئر لائنز نے اپنے کاؤنٹرز بھی بند کر دئیے، تاہم 10گھنٹے گزرنے کے بعد مسافروں کیلئےمتبادل پرواز پی کے 8316 کاانتظام کردیا گیا، فلائٹ میں 160مسافر اور 2 میتیں بھی موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More