اپوزیشن اتحاد کیلئے نواز شریف نے ملاقاتیں شروع کردیں

0

لاہور (نجم الحسن عارف) مسلم لیگ نواز کے قائد نوازشریف نے نئے سیاسی اتحاد کے لئے کوششیں شروع کردی ہیں اس مقصد کے لئے پہلی باضابطہ ملاقات کیلئے مولانا فضل الرحمن کو پیر کے روز بطور خاص بلایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کامیاب رہی اور اس بات کا قومی امکان ہے کہ فوری نئے انتخابات کے ایجنڈے پر تمام اپوزیشن جماعتوں کو جلد رام کرلیا جائے گا۔”امت“ کے ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کے حوالے سے ہونے والی ملاقات میں نوازشریف کو قدم آگے بڑھانے کا مشورہ دیا اور کہاتھا کہ وہ غیر مشروط طورپر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لئے اپنا تعاون پیش کرتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کی اس حوالے سے آفتاب شیر پاؤ سے بھی بات ہوگئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف زرداری کے ساتھ بات چیت کرنے سے پہلے نوازشریف مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے اسی لئے انہیں پیر کے روز بلایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف اپنی جماعت کو زندہ رکھنے کے لئے نہ صرف خود کو اور اپنی صاحبزادی کو میدان میں موجود رکھنا چاہتے ہیں بلکہ ایک مؤثر اپوزیشن کے طورپر کردار بھی ادا کرنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں انہوں نے اصولی طورپر یہ بھی قبول کرلیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں اپوزیشن جماعتیں مل کر چلیں اور جس انتخابی حلقے میں جس جماعت کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیاتھا اسی کے امیدوار کو اب تمام اپوزیشن سپورٹ کرے ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف اور ان کے ہم خیال اپوزیشن رہنمافوری نئے انتخابات چاہتے ہیں لیکن انہیں اندازہ ہے کہ اس کے لئے کئی ماہ کی جدوجہد درکار ہوگی اس لئے ضمنی انتخابات کو اس کے ابتدائیے کے طورپر دیکھا جائے گا۔ ادھر جاتی امر امیں موجود ذرائع کا کہناہے کہ نوازشریف سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات خالصتاً سیاسی فیصلوں کے حوالے سے تھی جو بہت کامیاب رہی ۔ آنیو الے دنوں میں پی پی پی کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطے ہوں گے اور ضمنی انتخابات کے لئے اشتراک عمل سے آغاز کرکے نئے انتخابات کے لئے تحریک کو بنیاد فراہم کی جائے گی ۔ جے یو آئی کے زرائع نے بھی اس اصولی اتفاق کی تصد یق کی ہے اور کہاہے کہ اصل موضوع ضمنی انتخابات نہیں ان کے بقول قومی سلامتی اور نئے عام انتخابات کے لئے اپوزیشن ، نیااتحاد زیر بحث تھا اس دوران ضمنی انتخابات کا بھی ذکر ہوا۔ جو ملاقاتوں کا ایک اچھا موقع فراہم کریں گے، ”امت“ کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نوازکے قائد آئندہ دنوں سعودی عرب کے دورے کی کوشش بھی کریں گے اس دورے کے تناظر میں ان کی حالیہ دنوں میں اپنے پرانے سعودی دوستوں سے بھی بات چیت ہوئی ہے لہذا اگلے دنوں میں ای سی ایل میں سے نام نکالنے کیلئے اپیل دائرکرنے کی تیاری ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More