بیرون ملک 5 ارب ڈالر کے اثاثے ڈھونڈ نکالنے کا دعویٰ

0

اسلام آباد(نمائندہ امت )وفاقی حکومت نے بیرونی ممالک میں 5ارب ڈالر کے اثاثے ڈھونڈ نکالنے کا دعویٰ کیا ہے ۔سابق صدر آصف زرداری کا گرد گھیرا مزید تنگ ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ پر کیس کا چالان جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا ۔ شہریوں کے اکاؤنٹس میں پیسہ ڈالنے والا ٹی وی پر کہتا ہے کہ ثابت کر کے دکھاؤ۔ تمام بڑے مگرمچھوں کو نوٹس بھجوا دیے ہیں ۔اقامے اس لئے بنوائے گئے کہ تحقیقات میں ان کا نام ظاہر نہ ہو۔رکشے اور فالودہ والے کیسز میں عام شہریوں کے ناموں پر5ہزار سے زائد جعلی اکاؤنٹس ملے ہیں ،جن کے ذریعے ایک ہزار ارب کی رقم باہر بھیجی گئی۔10ممالک نے700ارب کی تفصیلات فراہم کر دیں۔ سوئٹزر لینڈ اور برٹش ورجن آئی لینڈ سے تفصیل ملنے کے بعد رقم کا حجم بڑھنے کا امکان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی احتساب مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی میڈیا افتخار درانی و سینیٹر فیصل جاوید نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔شہزاد اکبر نے کہا کہ امارات سے اقامہ لینے والوں کی تفصیل لی جا رہی ہے ،جن لوگوں نے دبئی اور یورپی بینکوں میں پیسے رکھے وہ چھپ نہیں سکیں گے۔جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے میڈیا پر بات نہیں کر سکتے ،تاہم جلد تمام ملزمان کی فہرست سامنے آ ئے گی۔مقدمہ دائر ہونے تک فہرست سامنے نہیں لاسکتے ہیں ۔ اقامہ کے پیچھے اصل ملزم کی شناخت سب سے مشکل ہے۔دبئی میں لوگوں نے اپنے ڈرائیور، باورچی و دیگر لوگوں کے نام پر جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ جلد ہی امارات کے وزیر انصاف سے ملاقات ہوگی، کوشش ہے کہ امارات کی حکومت سےقانونی معاہدہ بھی ہو جائے۔70 دنوں میں 10 ممالک پر توجہ رہی۔ہل میٹل کیس کا فیصلہ بھی ایک ہفتے میں آنے والا ہے، کیس کا پیسہ واپڈا ٹاؤن بینک برانچ میں نواز شریف کے پاس آیا تھا ۔ افتخار درانی نے کہا کہ 15 ارب ڈالر کی جائیدادیں صرف دبئی میں بنائی گئیں۔کوئی کچھ بھی کہتا رہے ،احتساب جاری رہے گا۔اثاثے وصولی کا یونٹ بھی کام کر رہا ہے اور ابھی تک اس یونٹ نے کوئی کیس نہیں کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More