پی ایس ایل میں فیصل آباد فرنچائز بنانے کی کوشش تیز

0

امت رپورٹ
پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی جگہ فیصل آباد کے نام سے نیا فرنچائز بنانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہے۔ ذرائع کے بقول ملتان سلطانز کے ہی چند آفیشلز ٹیم خریدنے کیلئے سرگرم ہیں۔ جبکہ پیشکش پر پی سی بی حکام نے غور شروع کردیا ہے۔ ادھر بوم بوم شاہد آفریدی کراچی کنگز سے آزاد ہوگئے ہیں۔ اب ان کا انتخاب ڈرافٹنگ کے ذریعے ہوگا۔ دوسری جانب فرنچائزز نے برقرار کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔جبکہ سپر لیگ ایڈیشن فور کی میزبانی کراچی اسٹیڈیم کیلئے چیلنج بن گئی۔
اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کیلئے ابھی سے جوڑ توڑ شروع ہوگیا ہے۔ ملتان سلطانز کے ہی بعض لوگ کم قیمت پر فیصل آباد کے نام سے ٹیم خریدنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، جن میں سابقہ فرنچائز کے ٹیم ڈائریکٹر وسیم اکرم خریداری کیلئے موثر لابنگ کرنے میں مصروف ہیں۔کرکٹ حلقے ملتان سلطانز کی پی ایس ایل سے رخصتی اور بھاری خسارے پر پی سی بی کی جانب سے’’نیک تمناؤں‘‘ کے اظہار کو حیرت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابقہ فرنچائز کے ہی بعض افراد اب آئندہ برس نئی ٹیم خریدنے پر نگاہیں مرکوز کئے بیٹھے ہیں۔ ملتان سلطانز کو 52 لاکھ ڈالر سالانہ کے عوض فروخت کیا گیا تھا۔ نئی ٹیم کے اس سے کافی کم قیمت پر فروخت ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل فور میں معاملات چلانے کیلئے پی سی بی ملتان سلطانز کے ہی بعض آفیشلز کی خدمات حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے، کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے تمام سابقہ معاہدے برقرار رکھے گئے ہیں۔ دریں اثنا بینک گارنٹی جمع نہ کرانے والی ایک اور فرنچائز کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے بورڈ کو اپنی فیس کی آدھی رقم دے دی۔ ساتھ ہی یہ وعدہ بھی کیا کہ مقررہ تاریخ میں مکمل ادائیگی کر دی جائے گی۔ اس حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ معاہدے کا منسوخ ہونا افسوس کی بات ہے۔ رواں ماہ کے اختتام تک نقصان کے بارے میں معلوم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فور کا فائنل کراچی میں ہوگا، ملک میں میچز صرف شہر قائد اور لاہور میں ہی شیڈول کئے جائیں گے۔ اس بار راولپنڈی کو میزبانی نہیں دی جا رہی۔ ادھر پی ایس ایل فور کیلئے تیاریاں تیز کردی گئیں ہیں، جبکہ گزشتہ روز تمام چھ فرنچائزز نے برقرار کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ شاہد آفریدی کا نام کراچی کنگز میں شامل نہیں، اس لئے بوم بوم کا انتخاب اب ڈرافٹنگ کے ذریعے ہوگا۔ کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں کولن منرو، محمد عامر، بابر اعظم کو برقرار رکھا، جبکہ شاہد آفریدی کو ریلیز کردیا گیا۔ پی ایس ایل میں فرنچائزز کی جانب سے پچھلی ڈرافٹ کی مختلف کیٹگری کے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی لسٹ جاری کر دی گئی۔ باقی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔ گزشتہ برس کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹگری میں شامل تینوں کھلاڑیوں لیوک رونچی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو برقرار رکھا ہے۔ پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹیگری میں وہاب ریاض اور حسن علی کو برقرار رکھا ہے جبکہ ڈیرن سیمی اور کامران اکمل پلیئر ایمبیسیڈر کے طور پر ڈائمنڈ کھلاڑی میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پشاور زلمی پلاٹینم کیٹگری میں ڈرافٹ کے ذریعے ایک غیر ملکی کھلاڑی کا انتخاب کرے گی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سنیل نارائن پلاٹینم کیٹگری میں سرفراز احمد کے ساتھ موجود ہیں، جبکہ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن ڈائمنڈ کیٹگری میں ہیں۔ لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں فخر زمان اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں یاسر شاہ کو برقرار رکھا ہے۔ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم میں پلاٹینم کیٹیگری میں شعیب ملک اور پلاٹینم کیٹیگری میں محمد عرفان کو پلیئر ایمبیسیڈر برقرار رکھا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں شامل ٹیموں کے مکمل اسکواڈ کا اعلان پلیئر ڈرافٹ کے ذریعے 20 نومبر کو کیا جائے گا۔ دوسری جانب پی ایس ایل میچز کی میزبانی کیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں زور شور سے جاری ہیں جبکہ تعمیر اور تزیئن و آرائش کا کام بروقت مکمل کرنا ایک چیلنج بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے دور میں شروع کیا گیا تھا، ابتدائی طور پر اس کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا تھا، تاہم منصوبہ کے پایہ تکمیل تک پہنچنے تک لاگت میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ اسٹیڈیم میں جاری کام کی وجہ سے رواں سیزن قائد اعظم ٹرافی کے میچز منتقل کرنا پڑے، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی ملتان کو دے دی گئی۔ اس وقت چیئرمین اور میڈیا باکسز مکمل توڑ دیئے گئے ہیں۔ کئی انکلوژرز میں کرسیوں کی تنصیب باقی ہے، چھت بھی تاحال نہیں ڈالی جا سکی ہے۔ البتہ ہاسپلٹی باکسز تقریباً مکمل ہیں۔ مرکزی عمارت اور اندر جانے کے راستے اور چیئرمین باکسز کی تکمیل کیلئے کارکن سرگرم ہیں۔ ڈریسنگ روم کی خاصی تزئین و آرائش ہوچکی اور تھوڑا بہت کام باقی ہے۔ جاوید میانداد انکوژرز میں بھی ملبہ نظر آرہا ہے۔ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن کا فائنل اسٹینڈز پر چھت کے بغیر ہی ہوا تھا، فی الحال بھی نشستیں کھلے آسمان کے نیچے نظر آرہی ہیں۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More