منگھوپیر میں بڑا غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)منگھوپیر میں واٹر بورڈ کی 66 انچ قطر لائن پر قائم یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری کرنے والا ہائیڈرنٹ مسمار کردیا گیا۔ہائیڈرنٹ سے یومیہ لاکھوں روپے نقصان ہورہا ہے۔ واٹر بورڈ نے ملوث بلک لائن کے انچارج ظفر پلیجو سمیت دیگر افسران اور ملازمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر روڈ بلوچ کالونی میں ماربل کارخانے میں کلیم نامی شخص نے اپنے ملازم شاکر کے نام پر واٹر بورڈ کی 66 انچ قطر کی لائن سے کنکشن لیکر غیرقانونی ہائیڈرنٹ قائم کیا تھا۔مذکورہ لائن سے منگھو پیر ،پیرآباد ،اورنگی ٹاؤن ،بلوچ کالونی، قصبہ کالونی،کنواری کالونی سمیت دیگر علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔چوری کے کنکشن کا متعلقہ لائن کے انچارج ظفر پلیجو، ایگزیگٹو انجینئر آغاز احمد علی درانی ،اعجاز سمیت دیگر ملازمین کو علم تھا، تاہم انہوں نے ادارے کو بتانے کے بجائے ہائیڈرنٹ مالک سے ‘‘رابطہ’’ مضبوط کرلیا تھا۔گزشتہ رات بذریعہ واٹس ایپ ایک ویڈیو ایم ڈی واٹر بورڈ اور انفورسمنٹ سیل انچارج تابش رضا کو موصول ہوئی، جس کے بعد جمعرات کی رات گئے ہائیڈرنٹ پر چھاپہ مار کر چوری کے کنکشن کاٹ دیے گئے، جبکہ 2 کنویں توڑنے کے ساتھ موٹریں ،جنریٹر اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضے میں لے لیا گیا۔واٹربورڈ نے ملزم شاکر کے خلاف پیر آباد تھانے میں پانی چوری کے قانون 14-Aکے تحت مقدمہ درج کرادیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر ایم ڈی خالد محمود شیخ کی جانب سے تاحال ملوث افسر اور ملازمین کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔پیر آباد پولیس کی جانب سے شاکر اور دیگر ملازمین کو بروقت اطلاع پر ملزمان فرار ہوگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More