اورنگی – لیاقت آباد میں قلت آب کے خلاف مظاہرے – ٹریفک جام

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن اور لیاقت آباد میں پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل افراد سڑکوں پر آگئے، روڈ بلاک کرکے واٹر بورڈ کے عملے کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی، احتجاج کے باعث دونوں علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور بدترین ٹریفک جام کے باعث عوام کو چھٹی کے روز بھی کئی گھنٹے ٹریفک جام کی اذیت سہنی پڑی۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے مکین پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل ہوگئے اور سڑک پر آکر روڈ کو بلاک کردیا، مشتعل افراد نے مومن آباد چوک کے قریب مین روڈ پر ٹائر نذر آتش اور رکاوٹیں کھڑی کرکے واٹر بورڈ کے عملے کے خلاف احتجاج شروع کردیا، مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کئی روز پانی کی عدم فراہمی کے باعث علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،حتی کہ مساجد میں وضو اور مردے کو غسل دینے کے لئے بھی پانی نہیں ہے، غریب آدمی روز پانی کے ٹینکر ڈلوا نہیں سکتا، حکومت فوری طورپر پانی کامسئلہ حل کرائے، اس دوران مذکورہ روڈ پر بد ترین ٹریفک جا م ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی، احتجاج کی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل مظاہرین کو مذاکرات اور پانی فراہمی کی یقین دہانی کرانے کے بعد منتشر کرکے عام ٹریفک کی روانی کو دوبارہ بحال کرادیا۔ دوسری جانب لیاقت آباد کے مختلف علاقوں کے مکین بھی پانی کی عدم فراہمی کے باعث مشتعل ہوگئے اور اتوار کے روز مشتعل افراد نے غریب آباد انڈر بائی پاس کے قریب سڑک کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا، مشتعل مظاہرین کی جانب سے واٹر بورڈ عملے کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس کے باعث سوک سینٹر والی سڑک اور لیاقت آباد میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا ،جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔احتجاج کی اطلاع ملنے پر رینجرز اور پولیس موقع پر پہنچیں اور مشتعل مظاہرین کو مذاکرات کے منتشر کرکے سڑک کو کھلواکر ٹریفک کی روانی کو بحال کرادیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More