اسپورٹس بورڈ نے نارووال اسٹیڈیم میں کرپشن کی تحقیقات کو کھیل بنا دیا

0

اسلام آباد(اویس احمد) نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے میں کرپشن کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران سابق وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات کے خلاف گھرا تنگ ہونے پر اسپورٹس بورڈ(پی ایس بی) حکام رکاوٹ بن گئے، جس سے خدشہ ہے کہ کرپشن میں ملوث گرفتار افراد کو عدالت کی جانب سے ثبوتوں کی عدم موجودگی کی بنا پر رہا کر دیا جائے گا۔ ایف آئی اے کی جانب سے نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے میں ہونے والی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات شروع ہوئے دو ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود پی ایس بی حکام تحقیقاتی ایجنسی کو مطلوب دستاویزات دینے سے گریزاں ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ دو ماہ کے دوران بار ہا مطلوبہ دستاویزات مانگنے کے باوجود پی ایس بی حکام نے تاحال یہ دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں اور دستاویزات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے پی ایس بی حکام مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ایف آئی اے کی جانب سے بار ہا درخواستوں کے باوجود جب پی ایس بی حکام نے دستاویزات فراہم نہیں کیں تو ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے 7 نومبر کو خط کے ذریعے کیس میں پی ایس بی کی جانب سے نامزد فوکل پرسن کو 9 نومبر 2018 کو دستاویزات سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ اس پر پی ایس بی حکام نے راتوں رات فوکل پرسن تبدیل کر دیا اور یوں یہ پیشی نہ ہو سکی۔ اس کے بعد ایف آئی اے لاہور کی جانب سے 13نومبرکو نئے فوکل پرسن کو طلب کر لیا۔ اس پر 13 نومبر کو کیس کے نئے فوکل پرسن عبدالمجید ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو گئے، تاہم وہ ایف آئی اے کو مطلوب دستاویزات فراہم نہ کر سکے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں پیشی کے بعد فوکل پرسن عبدالمجیدنے قائم مقام ڈی جی پی ایس بی کو خط کے ذریعے مطلع کیا کہ ایف آئی اے کو مطلبو دستاویزات کی مصدقہ نقول انہیں فراہم کی جائیں تاکہ انہیں 15 نومبر کو عدالت میں پیش کیا جا سکے۔ تاہم پی ایس بی حکام ایک مرتبہ پھر آڑے آ گئے اور یہ دستاویزات تاحال فوکل پرسن کو فراہم نہیں کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دستاویزات کی عدم موجودگی میں ایف آئی اے کی جانب سے قائم جے آئی ٹی کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت ممکن نہیں۔ جس سے خدشہ ہے کہ عدالت کیس میں گرفتار ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر رہا بھی کر سکتی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے میں ہونے والی کرپشن میں بعض سابق وزرا سمیت اہم شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد پی ایس بی حکام نے ایف آئی اے سے تعاون یک طرفہ طور پر ختم کر لیا ہے۔ یاد رہے ایف آئی اے نے نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے میں بھاری پیمانے پر کرپشن سامنے آنے پر اس کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کر رکھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More