لانڈھی میں ڈکیت مارا گیا – پولیس افسرزخمی – 2 ملزم گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر )شرافی گوٹھ میں فرار ہوتے ملزمان نے ٹریفک پولیس افسر کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔پولیس نے لیاقت آباد میں کارروائی کرکے منی چینجر اور بینکوں سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے 9رکنی گروہ کے2کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب 2 مسلح ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہو نے لگے، تو قریب موجود ٹریفک پولیس افسر نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ کرکے افسر کو زخمی کردیا۔قریب موجود پولیس نے کارروائی کرتے ہو ئے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ زخمی افسر کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 50 سالہ نثار کے نام سے کی گئی جو ٹریفک پولیس میں سب انسپکٹر تعینات ہے اور اس کے پیٹ میں گولی لگی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ملزم فیض اسپتال میں ہلاک ہوگیا۔متاثرہ شہری نے ملزم کو شناخت کرلیا۔پولیس نے ملزم کی جیبوں سے لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا ہے۔اے سی ایل سی پولیس نے لیاقت آباد نمبر 10میں 2ملزمان اقبال اور جہانگیر خان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لی۔ایس ایس پی منیر شیخ نے بتایا کہ ملزمان منی چینجرز، اے ٹی ایم مشین اور بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے۔ان کے گروہ میں 9کارندے شامل ہیں۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی یامین فرار ہوگیا۔ملزمان 2008 سے وارداتیں کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کا ایک ساتھی بینک میں کرنسی نوٹ کھلا کرنے کے بہانے جاکر بڑی رقم نکلوانے والے افراد کی ریکی کرتا تھا اور نکلنے کے بعد اسے لوٹ لیا جاتا۔ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں کہا کہ ان کا خاص ہدف ناظم آباد، گولیمار، گرومندر، سولجر بازار، طارق روڈ اورگلستان جوہر تھا۔دریں اثنا آئی جی ڈاکٹر کلیم امام نے ٹریفک پولیس افسر کے زخمی ہونے کی رپورٹس پر ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More