کورنگی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران 33 دکانیں مسمار

0

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کورنگی کے علاقے مٹکے والی پلیا پر انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران33 غیر قانونی دکانیں ،جبوترے اور فٹ پاتھ مسمار کردیئے گئے ۔جب کہ شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات کارروائی کے 32 ویں روز ضلع جنوبی میں برتن گلی ، ڈینسو ہال، سول لائنز ، کلفٹن ،ضلع وسطی میں رضویہ سوسائٹی (ناظم آباد)، ضلع شرقی میں طارق روڈ(لیبرٹی مارکیٹ) میں دکانوں سے آگے بڑھائے گئے فٹ پاتھ ہٹا دیئے گئے ، مذکورہ مقامات پر انسداد تجاوزات کارروائی سے کچھ دن قبل دکانداروں کو آگاہ کردیا گیا تھا۔جب کہ ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس سے ٹاور تک تجاوزات کو صاف کیا گیا اور فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے سامان کو ضبط کرلیا گیا۔ انسداد تجاوزات مہم کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بتایا کہ جونا مارکیٹ کی برتن گلی میں تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے ۔ بعض دکانداروں کو تنبیہ کردی گئی ہے کہ وہ دوبارہ فٹ پاتھوں پر اپنا سامان نہ رکھیں۔ اسی طرح ڈینسو ہال کے نزدیک چھانٹی گلی میں بعض دکانیں اپنی حدود سے آگے نکلی ہوئی ہیں دکانداروں کو کارروائی کا انبتاہ دیدیا ہے ۔سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کے مطابق ضلع کورنگی میں سات ہزار روڈ پر مٹکے والا پلیا ،یوسی۔30/34 میں 33 غیرقانونی دکانیں توڑی گئیں ، جبکہ فٹ پاتھ پر بنے ہوئے چبوترے، دیواریں اور دیگر غیرقانونی تعمیرات کو بھی مسمار کردیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More