سپریم کورٹ میں ڈی جی نیب کی سرزنش

0

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈی جی نیب کراچی کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم لوگ اپنی حدود سے باہر نکل رہے ہو، لوگوں کو بلا کر ذلیل کرتے ہو۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سینئر وکیل سلمان حامد کو نیب کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس پر کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈی جی نیب کراچی نصیر اعوان کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ شرم نہیں آتی لوگوں کو تنگ کرتے ہو؟ تم لوگ اپنی حدود سے باہر نکل رہے ہو آج ڈانٹ سن کر نظریں جھک گئیں مگر شرم نہیں آتی۔ڈی جی نیب نے عدالت کو بیان دیا کہ ملزم نے بیان دیا تھا کہ وکیل سلمان حامد نے اجازت کے بغیر کیس دائر کیا، جس پر نیب نے تفتیش کے لئے وکیل سلمان حامد کو نوٹس جاری کیا۔
اس سے قبل کراچی رجسٹری کے باہر وکلاء نے سابق جج سلمان حامد سے انکوائری پر نیب کے خلاف شدید نعرے بازی کی، وکلاء نے چیف جسٹس سے ملاقات کرنے کی درخواست کی ،جس پر چیف جسٹس نے احتجاجی وکلا کو کورٹ روم نمبر 1 میں بلا لیا۔وکلا نے چیف جسٹس کو بتایا کہ وکیل سلمان حامد نے اپنے پیشہ وارانہ طریقے سے کیس دائر کیا جس پر نیب نے جسٹس (ر) سلمان حامد کے خلاف سیکشن 19 کے تحت نوٹس جاری کیا، جو سراسر ناانصافی ہے۔ چیف جسٹس نے وکلا سے کہا کہ آپ عدالت میں آئیں، تحمل سے سب کی بات سنی جائے گی، اور نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب کراچی نصیر اعوان اور سینئر وکیل سلمان حامد کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More