اومنی کیلئے ہنڈی کا دھندہ چلانے پر2گرفتار

0

کراچی(رپورٹ: عمران خان)منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے شریک ملزم انور مجید کے اومنی گروپ کیلئے رقوم حوالہ و ہنڈی کے ذریعے بھجوانے والےکرنسی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی۔ایف آئی اے نے 2دن میں کرنسی کے کاروبار سے وابستہ2 ایجنٹ پکڑلئے ہیں جن سے جے آئی ٹی نے تفتیش شروع کر دی ہے۔منگل کو ایف آئی اےاینٹی کرپشن سرکل نےحوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم دبئی منتقل کرنے کے الزام میں وقار شیخ نامی ملزم گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 12 لاکھ، حوالہ و ہنڈی کی رسیدیں،مختلف بینکوں کی چیک بکس،3موبائل فونز برآمد کرلئے ہیں ۔ملزم کو عدالت پیش کر کے جعلی اور بے نامی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات میں قائم جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے انکوائری نمبر 73/18 خفیہ اطلاع پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر رابعہ قریشی ،انسپکٹر نبیل محمود،سب انسپکٹر منظورالحق کی سربراہی میں ٹیم نے راجہ غضنفر علی روڈ صدر میں جدا سینٹر کے فلیٹ نمبر 408 پر چھاپہ مار کرشیخ وقار احمد ولد شیخ اصغر علی نامی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم سے ذرائع آمدن ، کاروبار،کاروباری افراد کو بیرون ملک رقو م منتقلی سے متعلق سوالات کئے گئے جس پر ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ مختلف کاروباری افراد کوبینکنگ نظام سے بچانے کے لئے دبئی میں رقوم منتقلی کی سہولت دیتا ہے۔دبئی میں درہم منتقلی کے بعد مساوی رقم کراچی میں روپے کی شکل میں وصول کی جاتی ہے۔ملزم سے برآمد ہونی والی چیک بکس ،حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اورموبائل فونزتفتیش کا حصہ بنا دیئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے حوالہ ہنڈی کی رقوم منتقلی کی تصدیق کے لئے ای میل ایڈریس تعمیراتی کمپنی کے نام پر بنا رکھا ہے ۔2 روز قبل بھی ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے افسران نے شکیل جعفرانی نامی کرنسی ایجنٹ گرفتار کیا تھا جس نے انکشاف کیا کہ وہ دیگر کےعلاوہ اومنی گروپ کیلئے بھی رقوم کی غیرقانونی منتقلی کرتا رہا ہے۔ملزم سے جے آئی ٹی نے کئی گھنٹوں تک تفتیش کرلی اور ان سے حاصل معلومات کی روشنی میں تحقیقات کو آ گے بڑھایا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More