سانحہ اے پی ایس پی ٹی ایم کی تقریب بدنظمی کا شکار

0

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی جانب سے سانحہ پشاور کی یاد میں منعقد کی گئی تقریب اس وقت بد نظمی کا شکار ہوگئی جب وہاں پاک فوج کی مخالفت میں نعرے بازی شروع ہوگئی۔ جیسے ہی یہ نعرے لگے تو شہید بچوں کے والدین نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگانا شروع کردیے جس پر ایک شخص کو پی ٹی ایم کے کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔سانحہ اے پی ایس کی یاد میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی جانب سے پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید بچوں کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ آرکائیوز ہال پشاور میں ہونے والی تقریب اس وقت بد نظمی کا شکار ہوگئی جب پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین تقریر کرنے کیلئے سٹیج پر آئے۔ منظور پشتین جیسے ہی سٹیج پر آئے تو پی ٹی ایم کے کارکنوں نے پاک فوج کے خلاف نعرے لگانا شروع کردیے جس کے جواب میں اے پی ایس کے شہید بچوں کے والدین نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی شروع کردی۔ پی ٹی ایم کے کچھ کارکن اے پی ایس کے شہدا کے والدین کو روکنے کیلئے آئے لیکن اسی دوران ایک کارکن نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرنے والے شخص کے منہ پر مکا دے مارا۔ واقعہ پیش آنے کے بعد اے پی ایس کے شہید بچوں کے والدین تقریب کا بائیکاٹ کرکے وہاں سے چلے گئے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی اے آروائی نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی ایم کے کارکنوں کی جانب سے پاک فوج کے خلاف نعرے بازی کرنے پر اے پی ایس کے شہید بچوں کے والدین نے انہیں دھکے دے کر تقریب سے باہر نکال دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More