آپریشن میں ہوٹل – 20 دکانیں ودیگر تجاوزات مسمار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی میں مقامات پر تجاوزات کیخلاف دوبارہ آپریشن کیا گیا، جنوبی کے علاقے کھوڑی گارڈن میں دکانوں کے آگے دوباہ چبوترے اور دیگر تجاوزات قائم کئے گئے تھے، جنہیں بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات نے مسمار کردیا ،جبکہ دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں، بصورت دیگر ان کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ دوسری جانب ضلع شرقی میں گلستان جوہر (منور چورنگی ) کے اطراف فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے ہوٹل اور دکانیں مسمار کی گئیں، تجاوزات مافیا نے یہاں فٹ پاتھ پر ایک ہوٹل اور 8 دکانیں تعمیر کررکھی تھیں ،جنہیں مسمار کردیا گیا، کارروائی کے دوران کونٹی نینٹل بیکری کے اطراف اور راستے میں آنے والے تمام تجاوزات مکمل مسمار کردی گئیں۔ ادھر ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد بلاکH-نزد منور اسپتال کے نزدیک غیرقانونی قائم 25چبوترے اور 12غیرقانونی دکانیں مسمار کی گئیں ،جو اپنی حد سے تجاوز کرکے فٹ پاتھ پر آگے تک بڑھائی گئی تھیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر جاری انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے آپریشن سے متعلق بتایا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں یہ کارروائی جاری ہے اور جن کاروباری افراد اور تاجروں نے فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرلئے ہیں، انہیں بلدیہ عظمیٰ دوبارہ صاف کر رہا ہے۔ انہوں نے تجاوزات مافیا کو متنبہ کیا کہ وہ فٹ پاتھوں ، نالوں اور پارکوں میں تجاوزات کے قیام سے گریز کریں ،کیونکہ غیرقانونی تعمیرات کو نہ صرف بلدیہ عظمیٰ صاف کردے گا ،بلکہ اس طرح انہیں نقصان بھی ہوگا، لہٰذا وہ ازخود غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے قیام سے گریز کریں اور فٹ پاتھوں کو کشادہ رکھیں۔ واضح رہے کہ شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات کارروائی کو سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی اپنی سربراہی میں مکمل کر ر ہے ہیں، پیر کی کارروائی کے دوران ضلع جنوبی میں ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی ، ضلع شرقی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عباس اور ضلع وسطی میں ڈپٹی ڈائریکٹر راشد اختر اور حامد رضا نے اپنی موجودگی میں محکمہ کی ٹیم کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے انسداد تجاوزات کارروائی کو مکمل کرایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More