پاک پتن اراضی کیس میں نواز شریف کےخلاف فوجداری کارروائی کی سفارش

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے لیے نئی مصیبت کھڑی ہو گئی ، پاکپتن دربار اراضی کیس کی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایاہے کہ اراضی نواز شریف نے غیر قانونی طور پر منتقل کی،جے آئی ٹی نے فوجداری کارروائی کی سفارش کردی ۔سپریم کورٹ میں پاک پتن دربار اراضی منتقلی کیس کی سماعت کے دوران مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ حسین اصغر نے تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔رپورٹ میں دربار کی زمین کی غیر قانونی منتقلی کا ذمہ دار اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف کو ٹھہراتے ہوئے بتایا گیا کہ انہوں نے ایک ہی دور میں حجرہ شاہ مقیم اور دربار حافظ جمال کی اراضی بھی غیر قانونی طور پر دی۔جے آئی ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سجادہ نشین قطب الدین نے زمین کی الاٹمنٹ کیلئے وزیراعلیٰ کو درخواست دی تھی جس میں وقف زمین کا 1969 کا نوٹی فکیشن واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی۔اس کے بعدسجادہ نشین نے وزیراعلیٰ سے اوقاف کی زمین کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم حاصل کیا اور محکمہ اوقاف کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو سیکرٹری اوقاف نے حذف کردیا تھا۔رپورٹ کے مطابق سیکرٹری اوقاف نے وزیراعلیٰ کے احکامات کی تعمیل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں اور سجادہ نشین نے زمین کی الاٹمنٹ حاصل کرنے کے بعد اسے فروخت کردیا تھا۔رپورٹ کے مطابق دیوان قطب الدین کے انتقال کے بعد ورثا نے 12 ہزار 91 کنال زمین کو غیرقانونی طور پر فروخت کیا۔جے آئی ٹی نے عدالت میں اوقاف کی زمین کو واپس لینے کی سفارش کردی اور کہا کہ محکمہ مال کے پٹواری، تحصیل دار اور متعلقہ افسران اس غیرقانونی اقدام کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’وزیراعلیٰ کے بعد زمین کی الاٹمنٹ کا کوئی اختیار نہیں تھا، وزیراعلیٰ نے اپنے اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا اور اس غیرقانونی اقدام کے وزیراعلی مکمل طور پر ذمہ دار ہیں۔جے آئی ٹی نے عدالت سے نوازشریف، سیکرٹری نوازشریف جاوید اقبال بخاری، سجادہ نشین کے ورثاء کے خلاف فوجداری کارروائی کی سفارش کردی۔انہوں نے محکمہ اوقاف کے متعلقہ ذمہ داران اور محکمہ مال کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کردی۔عدالت میں نوازشریف کے وکیل منوردوگل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نے جواب دیا تھا کہ انہوں نے ایسا نہیں کیا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسا نہ ہو کہ عدالت اینٹی کرپشن کو پرچہ درج کرنے کیلیے کہہ دے۔چیف جسٹس نے ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ آپ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار کا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ درباروں کی زمین 1986 میں الاٹ کی گئی اور سوال کیا کہ غیر قانونی طور پر الاٹمنٹ کیوں کی گئی؟ان کا کہنا تھا کہ چوروں نے زمین لے کر آگے بیچ دی۔انہوں نے استفسار کیا کہ تفتیش اور انکوائری ہوئی تو کوئی بچ نہیں پائے گا۔عدالت نے جے آئی ٹی رپورٹ پر پنجاب حکومت اور نوازشریف سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکپتن میں دربار کے گرد اوقاف کی زمین کی اراضی کی الاٹمنٹ اور دکانوں کی تعمیر سے متعلق ازخود نوٹس میں 4 دسمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔4 دسمبر 2018 کو سپریم کورٹ میں زیر سماعت پاکپتن دربار اراضی سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں نواز شریف نے کہا تھا کہ ان کا جے آئی ٹی کے حوالے سے تجربہ اچھا نہیں، اس لیے مذکورہ معاملے کی تحقیقات کے لیے کچھ اور بنایا جائے۔بعد ازاں 13 دسمبر کو سپریم کورٹ کی جانب سے ڈی جی نیکٹا خالق داد لک کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی تھی اور ٹیم میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نمائندوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ 27 دسمبر کو سپریم کورٹ کی جانب سے خالق داد لق کی جے آئی ٹی کی سربراہی سے معذرت پر ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب ڈاکٹر حسین اصغر کو جے آئی ٹی کا نیا سربراہ مقرر کردیا تھا۔عدالت کی جانب سے نئی جے آئی ٹی کو 10 روز میں ٹرم آف ریفرنس (ٹی او آرز) دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More