ون ڈے سیریز-دونوں ٹیموں نے تیاری شروع کردی

0

امت رپورٹ
پورٹ الزبتھ میں کل سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس ضمن میں گزشتہ روز قومی بلے بازوں نے پانچ گھنٹے تک نیٹ میں جم کر پاور شاٹس کی پریکٹس کی۔ جبکہ اس دوران بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی بلے بازوں کی باریک بینی سے نگرانی کرتے رہے۔ جبکہ ہیڈکوچ، ٹیم مینجر، کپتان اور چیف سلیکٹر کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کیلئے حتمی الیون کیلئے مشاورت جاری ہے۔ حتمی الیون کا اعلان آج کیا جائے گا، جس کے حوالے سے کپتان سرفراز احمد خود پری پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔ ادھر سیریز کی میزبان پروٹیز ٹیم نے بھی پریکٹس کے دوران خوب خون گرمایا۔ ان کی زیادہ تر توجہ بالنگ اور فیلڈنگ پر رہی۔ جبکہ میزبان ٹیم آج کے روز بیٹنگ اور بالنگ پریکٹس کا آغاز کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچوں کیلئے فاسٹ بالر ڈیل اسٹین اور بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے ابتدائی طور پر 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اس میں چند تبدیلیاں کرتے ہوئے سیریز کے ابتدائی دو میچوں کیلئے فاسٹ بالر اسٹین اور وکٹ کیپر بلے باز ڈی کوک کو آرام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پہلے دو میچوں کیلئے اسکواڈ میں اوپنر ایڈن مرکرم کی واپسی ہوئی ہے، جنہیں ون ڈے کیریئر میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وہ 16 میچوں میں 24.53 کی اوسط سے اسکور کر سکے ہیں۔ تاہم ٹیم میں سب سے اہم شمولیت ڈوان اولیویئر کی ہے، جنہوں نے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 24 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی کلین سوئپ فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی پر اولیویئر کو پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور ون ڈے میں اچھی کارکردگی ان کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی شمولیت کا سبب بن سکتی ہے۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان فاف ڈیوپلیسی، ہاشم آملہ، ریز ہینڈرکس، عمران طاہر، ہنری کلاسن، ایڈن مرکرم، ڈیوڈ ملر، ڈوان اولیویئر، ڈین پیٹرسن، اندیل فلکوایو، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا، تبریز شمسی، ریسے وین دوسن شامل ہیں۔ سیریز کے آخری تین ون ڈے میچوں کیلئے جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کیلئے قومی ٹیم نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی رہنمائی میں پریکٹس کی ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کی خفت اٹھانے کے بعد پاکستان ون ڈے سیریز کا پُر اعتماد آغاز کرنے کا خواہاں ہے۔ گرین شرٹس نے گزشتہ روز ہی پورٹ الزبتھ میں ڈیرے ڈال دیئے تھے، جہاں پہلا ایک روزہ میچ ہفتے کو شروع ہوگا۔ پورٹ الزبتھ میں مہمان کرکٹرز نے پریکٹس کا آغاز کردیا، اس دوران کوچنگ اسٹاف کے ساتھ پاکستان سے خصوصی طور پر جنوبی افریقہ آنے والے چیف سلیکٹرز انضمام الحق بھی میدان میں موجود تھے اور کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہے۔ یاد رہے کہ عام طور پر سلیکشن کمیٹی کے ارکان ٹیمیں منتخب کرنے کے بعد بیرون ملک دوروں پر نہیں جاتے۔ لیکن انضمام الحق ورلڈ کپ اسکواڈ کے بارے میں کوچ اور کپتان سے مشاورت کی ’’ضرورت‘‘ کے پیش نظر پاکستان سے روانہ ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) بروز ہفتہ کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ون ڈے سیریز میں کامیابی کیلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ شائقین کرکٹ کو اچھے میچ دیکھنے کا موقع ملے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگی۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کی طرح ون دے سیریز بھی آسان نہیں ہوگی۔ کھلاڑیوں کو جیت کیلئے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ سیریز کا دوسرا میچ 22 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 25 جنوری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔ جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ3 فروری کو جاہنسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More