ہل پارک سے ہوٹلوں – دکانوں – شادی گھروں کا صفایا

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ہل پارک کی حدود میں مختلف مقامات پر 20 ایکڑ رقبے پر قائم 50 سے زائد ہوٹل، دکانیں، شادی گھر و دیگر غیر قانونی تجارتی مراکز اور تعمیرات کو مسمار کر دیا۔انسداد تجاوزات عملے نے جمعہ کے روز ہل پارک میں کارروائی کرکے دعا ریسٹورنٹ، ایمان ریسٹورنٹ، عاشی ریسٹورنٹ، تھری کوئن ریسٹورنٹ، اوسس ریسٹورنٹ ،معراج امیوز مینٹ پارک، اوسس میرج گارڈن، منی گولف کلب، گولف کلب میرج ہال اور غیر قانونی بائونڈری وال کومسمار کردیا ہے۔ پارکنگ ایریا کے ایک کونے میں قائم سی پی ایل سی کے دفتر کو بلدیہ عظمی کراچی نے اپنی تحویل میں لے کر ڈپٹی ڈائریکٹر ہل پارک کا دفتر قائم کر دیا۔ اب اس دفتر کو بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ پارک کا عملہ جو ہل پارک کی دیکھ بھال کے لئے متعین ہو گا استعمال کرے گا، شہر کی سب سے زیادہ قیمتی زمین کو قابضین سے خالی کرانے کی اس کارروائی کی نگرانی میٹرو پو لیٹن کمشنر ڈاکٹرسید سیف الرحمن نے خود کی جو صبح سے شام تک ہل پارک میں ہی موجود رہے جبکہ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ بشیر سدوزئی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور بلدیہ عظمی کراچی کے دیگر افسران بھی اس دوران موجود رہے، 65ایکڑ رقبے پر قائم ہل پارک شہر کی خوبصورت پہاڑیوں پر 1965میں تعمیر کیا گیا تھا ،جس کے مختلف حصوں پر بعض افراد جعلی دستاویزات کے ذریعے طویل عرصے سے قبضہ کرکے انہیں تجارتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کر رہے تھے،ماضی میں بھی بلدیہ عظمی کراچی نے ان تجاوزات کو صاف کرنے کی کوشش کی ،مگر عدالتوں میں مقدمات اور حکم امتناعی کے باعث کامیابی نہیں ہو سکی تھی ،تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جمعہ کو بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں کے لئے مختص 20ایکڑ رقبے پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر کے ہل پارک کے تمام حصوں کو قابضین سے خالی کرا لیا۔ کارروائی کے لئے چار ٹیمیں بھاری مشینری کے ہمراہ تشکیل دی گئی تھیں ،جنہوں نے مختلف مقامات پر صبح ساڑھے 9بجے بیک وقت کارروائی شروع کی اور مکمل صفائی تک کام جاری رہا، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسید سیف الرحمن نے کہا کہ ہل پارک شہر کا اہم ترین پارک ہے ،جہاں پہاڑیاں، باغات، جھیل، آبشار اور درخت ہیں ،جو کراچی کے شہریوں کی تفریح کے لئے منفرد مقام ہے ،مگر 20ایکڑ رقبے پر تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے پارک کی خوبصورتی متاثر ہو رہی تھی ۔آج کراچی کے شہریوں کے اہم تفریح مقام کو تجاوزات سے مکمل پاک کر دیا گیا ہے ،اب یہاں بچے اور فیملی بہترین ماحول میں تفریح کر سکیں گے، انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کی روشنی میں پارکوں برساتی نالوں، فٹ پاتھوں اور رفاعی پلاٹوں سے تمام تعمیر ات کو ختم کر دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More