ن لیگ نے مجروں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا

0

لاہور۔اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب محافظ قاتل بن جائیں تو معاشرے قائم نہیں رہ سکتے، سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو چوراہوں پر پھانسی پر لٹکانا چاہیے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن پولیس کی جانب سے متضاد بیانات دیے جا رہے ہیں، واقعے کی شام کو وزیر اعلیٰ کو یاد آیا کہ انہیں ساہیوال جانا چاہیے آج حکومت کی نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی جب کہ پاکپتن واقعے پر وزیر اعلی کو معافی مانگنی پڑتی ہے آئی جی کو چپڑاسی کی طرح تبدیل کر دیا جاتا ہے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ انسان ہونے کے ناتے میں چاہتا ہوں کہ حقائق سامنے آنے چاہئیں، خاتون اور بچی کی لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، کیا وہ معصوم بچیاں ساری زندگی بھول پائیں گی کہ ان کی آنکھوں کے سامنے ان کے والدین کو قتل کیا گیا۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت پر ہر روز 15ارب کا قرضہ چڑھ رہا ہے اور وزراء بھانت بھانت کی بولیاں بول رہے ہیں، ہم آپ کی حکومت کو گرانا نہیں چاہتے آپ خود گرنا چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب اسمبلی میں ایسی قانون سازی کریں تاکہ ایسے واقعات نہ ہوں اس واقعے پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سیاست نہیں چمکانی چاہیے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر پاکستان کا ہر شہری دکھی اور ہر آنکھ نم ہے،نہتے شہریوں کو ان کے بچوں کے سامنے قتل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ شکر ہے 24 گھنٹےکے بعد وزیراعظم کو اس واقعہ پر دکھ تو ہوا، یہ پیغام آیا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کوہدایت کی ہے کہ وہ نوٹس لیں،جس وزیراعلیٰ کو نوٹس لینےکاکہاجائے وہ عوام سے دشمنی کے علاوہ کچھ نہیں۔ آپ یاد کریں اس وقت کو جب آپ ہر ایشو کو سیاسی رنگ دیتے تھے، اپنے ہر بیان کے مطابق بتائیں کہ دھرنا کب دے رہے ہیں،عوام کو بتائیں کہ پارلیمنٹ کے باہر کب آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بتائیں کہ پنجاب اسمبلی کو آگ کب لگا رہے ہیں،گردن سےگھسیٹ کرگلاپکڑ کروزیراعلیٰ کوعوام کےحوالے کب کررہے ہیں۔مریم اورنگ زیب نے کہا کہ آپ نے کہا ہے کہ آپ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے پیچھے کھڑے ہیں،بتائیں کہ اس کارکردگی پر آپ خود استعفیٰ کب دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بتائیں کہ آپ پنجاب کو کب بند کررہے ہیں، لاہور کو کب آگ لگا رہے ہیں،ساہیوال کو جلانے کی تاریخ کب آرہی ہے، آپ کو پاکستان کی عوام کو تمام سوالات کے جوابات دینا پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذمے داری مت لیں، اس واقعہ کی ذمے داری لیں،بتائیں کہ واقعہ کے ذمے داروں کو کب سزا دی جائے گی،عوام کے سامنے حقائق کب آئیں گے،بتائیں عوام کو کہ نہتے شہریوں پر گولیاں کیوں چلائی گئیں،بتائیں عوام کو کہ پنجاب کے عوام کی سیکیورٹی کا ذمے دار کون ہے؟۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More