موبائل فون چوری کرنے پر خاتون کا آن لائن ٹیکسی ڈرائیورکیخلاف مقدمہ

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خاتون کا موبائل چوری کرنے اور ہراساں کرنے پر آن لائن ٹیکسی اوبر کے ڈرائیور اور انتظامیہ کے خلاف نیو ٹاؤن اور ڈیفنس تھانے میں دو مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کی رہائشی مسمات (ص) نے ڈیفنس تھانے میں دی جانے والی تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے مورخہ 19جنوری کے روز آن لائن ٹیکسی اوبر میں گلشن اقبال سے گول مال ڈیفنس تک سفر کیا اس دوران ان کے پاس موجود قیمتی موبائل فون پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا، رابطہ کرنے پر ٹیکسی کے ڈرائیور نے کال ریسیو کرکے اقرار کیا کہ موبائل فون اس کے پاس موجود ہے اور اگر وہ گول مال کے قریب کسی جگہ پر پہنچ جائیں تو موبائل فون ان کے حوالے کردیا جائے گا، تاہم بعدازاں ٹیکسی کا ڈرائیور موبائل فون بند کر کے موقع سے فرار ہو گیا، جس پر مذکورہ خاتون نے اس سلسلے میں ڈیفنس تھانے کو تحریری طور پر مطلع کیا اور اگلے روز شکایت درج کروانے کے لیئے نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع آن لائن ٹیکسی کمپنی کے دفتر پہنچی، جہاں موجود انتظامیہ نے انہیں کہا کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ تھانے (ڈیفنس) سے تحریری درخواست جمع کروانے کے بعد ان سے رابطہ کریں، جس پر انھوں نے ڈیفنس تھانے میں تحریری درخواست جمع کروا دی، جس پر پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر27/2019 درج کر لیا، بعدازاں متاثرہ خاتون ایف آئی آر کا عکس لے کر ایک بار پھر آن لائن ٹیکسی کے مرکزی دفتر پہنچی تو وہاں موجود عملہ اور مسلح سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے خاتون کو ہراساں کرنے کے بعد دھکے دے کر دفتر سے باہر نکال دیا۔ اس حوالے سے دی جانے والی تحریری درخواست کے بعد نیو ٹاؤن تھانے میں بھی خاتون کو ہراساں کیا جانے کا مقدمہ نمبر 8/2019 درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا، تاہم اس حوالے سے نیو ٹاؤن اور ڈیفنس تھانوں سے رابطہ کرنے پر پولیس کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے جلد ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More