اشرف غنی کی پاکستان مخالف ٹویٹس پرسینٹ کمیٹی میں مذمتی قراردادمنظور

0

اسلام آبا د( نمائندہ امت) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے افغان صدر اشرف غنی کیخلاف پاکستان مخالف ٹویٹس پر مذمتی قرداد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔مذمتی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ افغان صدر اشرف غنی کے پاکستان مخالف بیان کی بھر پور مذ مت کرتی ہے۔کمیٹی نے افغان صدرکے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کے مترادف قرار دیا۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ صدر اشرف غنی کے بیان سے واضح ہے کہ بھارت و افغانستان کا پاکستان کیخلاف گٹھ جوڑ ہے جو پاکستان اور خطے کے امن کے تباہ کر نے کے در پے ہیں ۔میں نے بطور وزیر داخلہ صدر کرزئی کو افغانستان کی ایجنسی کی مداخلت کے ثبوت دئیے تھے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چالیس برسوں سے افغانستان اور افغانیوں کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔سینیٹ کمیٹی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ افغانستان حکومت سے اشرف غنی کے بیان پر سخت احتجاج کیا جائے اور افغان صدر پاکستان مخالف بیان واپس لیکر پاکستان سے معافی مانگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More