طالبان نے امریکی ساختہ افغان فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا-حملوں میں 26 ہلاک

0

کابل (امت نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک)افغان طالبان نے صوبہ میدان وردک میں امریکی ساختہ افغان فوجی ہیلی کاپٹر مارگرایا، جبکہ ننگر ہار ، ہلمند فراہ اور نیمروز میں حملوں میں9 کمانڈوز سمیت26 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔غزنی میں 2 گاڑیوں پر امریکی ڈرون حملے میں7 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔دوسری جانب صوبہ غورمیں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان نے صوبہ میدان وردک کے ضلع سعید آباد میں افغان فوج کا ہیلی کاپٹر مار گرایا۔ہیلی کاپٹر کا ملبہ بھی طالبان کی تحویل میں ہے، تاہم پائلٹوں کا کچھ پتہ نہیں چلا۔افغان صحافیوں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے کی تصاویر شیئر کیں۔تباہ کیا جانے والا ایم ڈی 530 ہلکا جنگی ہیلی کاپٹر ہے، جو امریکہ تیار کرتا ہے۔اسی کا ایک عام ورژن ایم ڈی 500 سویلین استعمال کے لیے ہے۔افغان فوج کو مضبوط کرنے کے لیے امریکہ نے ہی اس سویلین ہیلی کاپٹر کا جنگی ورژن تیار کرکے افغانستان کو فراہم کیا۔ایم ڈی 530 جدید بھاری مشین گن سے لیس ہوتا ہے ۔یہ ایک وقت میں 138 کلوگرام گولہ بارود لے جاسکتا ہے۔امریکہ نے 2015 میں ان ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ افغانستان کے حوالے کی تھی جبکہ 2017 میں افغانستان کے لیے مزید 150 ہیلی کاپٹروں کی تیاری کا آرڈر دیا گیا تھا۔میدان وردک میں گزشتہ دنوں طالبان نے افغان انٹیلی جنس بیس دھماکے سے اڑا دیا تھا۔دریں اثنا صوبہ غور میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے، جہاں مختلف اضلاع میں افغان فوجیوں کے ہتھیار ڈالنے کے بعد بھاری تعداد میں ہتھیاربھی قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ ننگر ہار میں طالبان نے ضلع خوگیانی میں حملہ کر کے9 افغان کمانڈوز کو ہلاک کر دیا۔صوبہ ہلمند کےمارجہ، ناوہ، نادعلی اضلاع میں افغان فوجیوں وپولیس اہلکاروں پر طالبان نے حملے کئے۔ ضلع مارجہ کے تریخ ناور کے علاقے میں واقع چوکی پر لیزر گن حملے سے 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔ضلع ناوہ سے اطلاع ملی ہے کہ سرخدوز کے علاقے میں واقع چوکیوں پرطالبان حملوں میں6 اہلکار ہلاک ہوئے۔ ضلع نادعلی کے بیلر وھزار گان کے علاقوں میں طالبان حملوں سے 8 اہلکار ہلاک وزخمی ہوئے۔صوبہ فراہ ضلع فراہ رود میں چکاب کے علاقے میں طالبان حملے میں 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔ جمعہ کے روز صبح کے وقت طالبان نے 13 پولیس اہلکار سمیت گرفتار کرکے ان کا مقدمہ شرعی عدالت کے حوالے کردیا۔ صوبہ نیمروز کےضلع چخانسور کے خادوں کے علاقے میں واقع چوکی پر طالبان حملے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔طالبان نے ایک ٹینک، ایک اینٹی ائیرگرافٹ گن اور 2 کلاشنکوفوں پرقبضہ کرلیا۔رپورٹ کے مطابق جمعہ کی شام صوبہ غزنی ضلع قرہ باغ کے نیازئی گاؤں کے قریب امریکی ڈرون طیارے نے دو پرائیویٹ گا ڑیوں کو نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں ان میں سوار 7شہری جاں بحق ہو گئے۔ امریکی اور افغان فوج نے صوبہ ننگرہار ضلع خوگیانی کے نکڑخیل کے علاقے میں چھاپہ مار کر متعدد مکانوں اور موٹرسائیکلوں کو تباہ کرنے کے علاوہ 6 افراد کو زخمی جب کہ 2 کو حراست میں لے لیا۔ افغان کمانڈوز نے صوبہ پکتیا ضلع جانی خیل کے تنگی کے پڑوخیل گاؤں میں 2 افراد کو ہلاک اور متعدد گھروں کا سامان نذرآتش کر دیا۔طلوع نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلمند کے ضلع نوزاد میں افغان فوج کے فضائی حملے میں طالبان کمانڈرملا احمد اپنے دوساتھیوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More