آسٹریلیا کی میزبانی کا پاکستانی خواب ادھورا رہ گیا

0

لاہور (امت نیوز) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے 20 برس بعد بھی پاکستان آنے کا امکان ختم ہوگیا۔ بالآخر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کیخلاف پانچ میچز کی سیریز کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی سیریز کے چند میچز کے پاکستان میں انعقاد کی قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئیں۔ پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کو پانچ میچوں میں سے ایک یا دو میچز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی۔ تاہم آسٹریلیا نے اپنے سیکورٹی ماہرین کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے پر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے باوجود پی سی بی کا اصرار تھا کہ ابھی بھی معاملات طے نہیں ہوئے، تاہم اب پاکستان میں میچز منعقد نہ ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ آسٹریلین ٹیم نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ سیریز کھیلنے سے انکارکے باوجود کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل فور کے پاکستان میں منعقد ہونے والے میچز میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنے سیکورٹی ماہرین کو پاکستان بھیجیں گے، جبکہ پاکستان میں دیگر ٹیموں کے میچز منعقد ہونے کی صورت میں بھی وہ اپنے ماہرین کو بھجوائیں گے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More