پاکستان میں خواتین کرکٹرز کے سنہری دور کا آغاز

0

محمد علی اظہر
دو دہائیوں کی انتھک محنت اور جدوجہد کے بعد بالآخر پاکستان میں خواتین کرکٹرز کا سنہری دور شروع ہونے کے قریب ہے۔ بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پہلی بار شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ جس پر خواتین کھلاڑیوں کیلئے مبارک بادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کسی بھی صف اول کی ویمن ٹیم کیخلاف پاکستانی خواتین کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ جس کا جشن منانے کیلئے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز سے منسلک کوچز اور کھلاڑی دبئی کے اسٹیڈیم پہنچے۔ اس موقع پر یونس خان، وسیم اکرم، محمد عرفان، شان مسود، حماد اعظم، ندیم خان اور دیگر نے ویمن کرکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں سدرہ امین، ڈیانہ بیگ، ندا ڈار اور کائنات امتیاز بہترین پرفارمرز ثابت ہوئیں۔ جبکہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز اوپنر سدرہ امین نے بنائے۔ سدرہ نے تین میچوں کی سیریز میں 148 رنز بنائے، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ پہلے میچ میں مکمل طور پر ناکام ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے دوسرے اور تیسرے میچ میں بالترتیب 52 اور 96 کی شاندار اننگ کھیل کر پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق سدرہ امین 2011ء سے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔ مگر ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سے پہلے تک وہ کوئی بڑی کارنامہ انجام نہیں دے سکی تھیں۔ 2011ء سے 2018ء تک کھیلے گئے تمام 25 میچوں میں انہوں نے صرف ایک ففٹی بنائی تھی۔ تاہم ویسٹ انڈیز کیخلاف پیر کو ختم ہونے والی تین میچوں کی سیریز میں انہوں نے کیریئر بیسٹ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 146 رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے 216 رنز کے جواب میں قومی ٹیم محض 70 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ تاہم دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کیا اور مہمان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 34 رنز سے شکست دی۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 240 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 206 بنا سکی تھی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 47.3 اوورز میں 159 رنز بنائے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ بالنگ کے باعث ویسٹ انڈیز ویمنز کی سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو اور ڈیانہ بیگ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ ہدف 47.2 اوورز میں 6 وکٹ پر حاصل کر لیا۔ سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کی اور 52 رنز بنائے، جبکہ ندا ڈار نے 26 اور جویریہ خان نے 24 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو 100 ایک روزہ میچ مکمل کرنے پر پی سی بی کی جانب سے اسپیشل مومنٹو ایوارڈ سے نوازا۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم پہلی مرتبہ اپنے سے بہتر رینکنگ والی ٹیم سے سیریز جیتی ہے۔ اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویمن ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم ساتویں اور وسیٹ انڈین ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ جبکہ لسٹ میں آسٹریلیا سرفہرست ہے، جس کیخلاف پاکستان خواتین ٹیم آج تک ایک میچ بھی نہیں جیت سکی ہیں۔ اسی طرح دوسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کیخلاف بھی پاکستان خواتین نے تمام 8 میچز ہارے ہیں۔ حیران کن طور پر پاکستان ویمن ٹیم اب تک بھارت کیخلاف بھی اپنی کامیابیوں کا کھاتہ نہیں کھول سکی ہے۔ قومی ویمن ٹیم نے سب سے زیادہ کامیابیاں آئرلینڈ کیخلاف حاصل کر رکھی ہیں۔ آئرلینڈ سے کھیلے گئے 18 میچوں میں قومی خواتین نے 12 میچز جیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان خواتین ٹیم کا پہلا کرکٹ میچ 1997 میں سری لنکا کیخلاف کھیلا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More