عمران خان! توجہ فرمائیں

عمران خان تبدیلی کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے، لیکن ان کے انقلابی اقدامات کے ہم اب تک منتظر ہیں۔ جس سے اس دعویٰ کی تائید ہوتی ہو۔ خیبر پختون صوبہ میں پرویز خٹک نے اقرباء پروری کی ایسی مثال قائم کی ہے کہ پورا خاندان اقتدار میں آگیا۔ دیگر سیٹوں پر ایسے سرمایہ داروں کو ٹکٹ دیئے گئے، جن کا پارٹی سے دور کا واسطہ بھی نہیں رہا، بلکہ وہ PTI کے مخالف کیمپ سے تنقید کی گولہ باری کرتے رہے، لیکن پارٹی ان تمام باتوں کو نظر انداز کرتی رہی۔ ایک تازہ مثال کراچی کے حلقہ NA-243 کی ہے، جو عمران خان نے الیکشن کے بعد خالی کی ہے۔ اس نشست پر 2013ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر اشرف جبار نے کامیابی حاصل کی تھی، لیکن متحدہ کے دہشت گردوں نے RO کو اغوا کرکے تین دن بعد رزلٹ تبدیل کرایا تھا اور متحدہ کے مزمل قریشی کامیاب قرار پائے تھے۔ 2018ء کے الیکشن سے قبل اشرف جبار نے اپنی سیٹ اسلام آباد جا کر عمران خان کے لیے پیش کی کہ آپ اس NA-243 سے الیکشن لڑیں تاکہ ہارنے کا کوئی اندیشہ نہ ہو، کیونکہ یہ پڑھے لکھے لوگوں کا علاقہ ہے اور PTI کی حمایت اور میری محنت نے اس حلقہ NA-243 کو پارٹی کیلئے سازگار بنا دیا ہے، لیکن اب اس عمران خان کی خالی کردہ نشست پر کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی، آفتاب صدیقی کو الیکشن لڑانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ شمیم نقوی سے ان کے قریبی تعلقات ہیں۔ اسی لیے مختلف طریقوں سے انہیں آگے لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اب ایسے شخص کو اشرف جبار قریشی جیسے پرانے کارکن پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ الیکشن سے کچھ دن پہلے بھی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر انصاف ہاؤس میں ہونے والے ہنگامے میں فردوس شمیم نقوی کو کارکنوں کی طرف سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن پارٹی کے مرکزی رہنما خاموش رہے۔ جبکہ اپوزیشن لیڈر بننے کیلئے بھی حلیم عادل شیخ کے خلاف مہم چلائی گئی۔ ہم کارکنان کی گزارش ہے کہ پارٹی ضمنی الیکشن کے ٹکٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کرے۔ (تحریک انصاف کے کارکنان)
جناب XEN اعجاز صاحب
ہمارا علاقہ گلشن ظہور سیکٹر 8/C اے بی سینیا لائن اماں پارک کے ساتھ لگتا ہے۔ یہ علاقہ UC-7 جمشید ٹائون کے انڈر میں آتا ہے، جہاں عرصہ 7 ماہ سے سیوریج اوور فلو کا مسئلہ ہے، جو کہ حل نہیں ہو پا رہا۔ کافی بار درخواستیں بھی دے دی ہیں۔ آفس کے کئی چکر بھی لگ گئے ہیں۔ مگر مسئلہ حل نہیں ہوا۔ اہلیان محلہ کافی اذیت و پریشانی میں مبتلا ہیں اور ساتھ ساتھ واٹر مین لائن کا پانی بھی بہت کم آتا ہے۔ برائے مہربانی ہمارے ان دو مسائل پر خصوصی توجہ دے کر انہیں فوراً حل کروائیں۔ (اہلیان محلہ گلشن ظہور سیکٹر 8 /C، اے بی سینیا لائن نزد PECHS کراچی) ٭

Comments (0)
Add Comment