دہشت گردی منصوبہ ناکام بنانے کا سی ٹی ڈی دعویٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے دو کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں کے 5 کارندوں کو گرفتار کرکے دہشت گردی منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان محرم الحرام میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم نے اورنگی سے 3 ملزمان عصمت اللہ، حافظ عمران اور احد خان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کا تعلق کالعدم داعش اور کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے ۔ملزمان دہشتگردوں کے لیے فنڈنگ اور زخمی دہشتگردوں کے علاج و معالجے کا انتظام کرتے تھے۔ملزمان فوجی قافلوں پر حملوں میں بھی ملوث ہیں۔ دوسری کارروائی میں کورنگی سے علیحدگی پسند کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 2 کارندوں رشید احمد اور غلام دستگیر کو گرفتار کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث اور اس طرز کے بم بنانے کے ماہر ہیں۔ملزمان کے خلاف ریلوے ٹریک پر حملہ کرنے کے مقدمات درج ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگرد محرم میں دہشتگردی کا منصوبہ بنارہے تھے، جسے ناکام بنادیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ سی ٹی ڈی گارڈن کے ایس ایس پی جنید شیخ کی جانب سے بدھ کو پریس کانفرنس میں دہشت گردوں کی گرفتاری ظاہر کرنی تھی، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی۔

Comments (0)
Add Comment