پاکستان کو تین عالمی اسکواش ایونٹ کی میزبانی مل گئی

اسلام آباد ۔(امت نیوز)پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمرزمان نے کہا ہے کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے ) کی جانب سے پاکستان کو 3 بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دینا خوش آئند ہے۔ پی ایس اے کو دوسرے ممالک کی طرح پاکستان سے سکیورٹی کی مد میں سکیورٹی فیس پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کو اگر پی ایس اے ایونٹس کی میزبانی دی گئی تو ان کےلئے ہم نے بھرپور تیاری کی ہے۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پی ایس اے کی جانب سے اسلام آباد میں تین بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی دینا خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے ہر میچ کی سکیورٹی کی مد میں 5000 ڈالر کا معاوضہ مقرر کیا ہے جو کہ پاکستان کے ساتھ نا انصافی ہے۔ یہ معاوضہ دوسرے ممالک سے نہیں لیا جا رہا بلکہ صرف پاکستان کےلئے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر فیڈریشن کے اعلیٰ حکام کو پی ایس اے کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔ قمر زمان نے کہاکہ اس سے قبل پی ایس اے پاکستان سے صرف ایک ایونٹ کے انعقاد کے موقع پر سکیورٹی کی مد میں معاوضہ دیا جاتا تھا تاہم اس مرتبہ انہوں نے یہ معاوضہ فی میچ مقرر کیا ہے، پی ایس اے کو اس معاملے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

Comments (0)
Add Comment