فخر زمان ڈبل سنچری بناکر قومی ہیرو بن گئے

اسلام آباد(امت نیوز) قومی ٹیم کے مایہ نا ز اوپنر فخر زمان کو ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں ڈبل سینچری اسکور کرنے پر ملک بھر سے مبارکباد وں کا تانتا بندھ گیا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیرمین آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی وعسکری شخصیات کی جانب سے فخر زمان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری ،نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے بھی فخر زمان کی کارکردگی کو سراہا اور مبارکباد دی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی فخر زمان کو مبارکباد پیش کی اور وطن کا نام روشن کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا، نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے کہا کہ فخر زمان نے شاندار کارکردگی دکھا کر یہ ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کا فخر ہیں، نیول چیف ایڈ مرل ظفر محمود نے کہا کہ پاک بحریہ کا حصہ رہنے والے فخر زمان قومی اثاثہ ہے اور ہمیں ان پر ناز ہے ۔فخر زمان نے زمبابوے کیخلاف چھوتے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سینچری اسکور کرکے یہ سنگ میل عبور کیا ہے اس طرح وہ پاکستان کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جنہوں نے 200رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے اس سے قبل سعید انور نے 194رنز بنارکھے تھے۔

Comments (0)
Add Comment