کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ کا قانون نافذ کرنے والے ادارے اور کے الیکٹرک اہلکاروں کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن ، اسپتال کے کنکشن میں لگائے جانے والے 100سے زائد غیر قانونی کنیکشن کاٹ دیئے۔سول سے اسپتال کے کنکشن سے بجلی چوری کرنےوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔جمعہ کو ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عارف نیاز کی سربراہی میں کے الیکٹرک اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی موجودگی میں اوپی ڈی بلاکس میں زیابطیس او پی ڈی،اسپتال کے مرکزی کچن،مورچری سمیت دیگر مختلف مقامات پر اسپتال کے بجلی کنکشن میں لگائے گئے کنڈوں کو کاٹ دیا۔ کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ اسپتال کے سرجیکل یونٹ نمبر 2کے ایڈمن آر ایم او(ڈاکٹر) کے روم سے بھی بجلی کا غیر قانونی کنیکشن لگا ہوا ہے جسے فوری طور پر منقطع کردیاگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سول اسپتال کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہے جس سے اسپتال کے اطراف میں واقع رہائشی فلیٹس کے علاوہ درجنوں کی تعداد میں قائم میڈیکل اسٹوروں ، دکانداروں ، جوس سینٹر ، پتھارے والوں نے بڑی تعداد میں اسپتال کے کنکشن پر کنڈے ڈال رکھے ہیں اور کئی برس سے غیر قانونی کنکشنوں کے ذریعے اسپتال کو لاکھوں روپے ماہانہ اضافی بلز کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس غیر قانونی عمل میں اسپتال کے بعض ملازمین برابر کے شریک اور سہولت کار ہیں۔اس حوالے سے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عارف نیاز نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہوں نے غیر قانونی کنکشن کا علم ہوتے ہی کارروائی کی ہے۔ اگر اسپتال کی بجلی چوری میں کسی ملازم کے سہولت کار ہونے کے شواہد ملے تو اس کے خلاف محکمہ جاتی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔