کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ سے حبیب جان بلوچ درخواست مسترد ہونے پر انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔عدالت نے قرار دیا کہ دوہری شہریت چھوڑنے سے متعلق دستاویزات مکمل نہیں ہیں، جب کہ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور حلیم عادل شیخ کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے سے متعلق درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔سماعت پر درخواست گزار حبیب جان بلوچ کے وکیل نے درخواست میں بتایا کہ ان کے موکل این اے 246سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے چاہتے ہیں۔انہوں نے لیاری کے عوام کی خدمت کے لیے برطانوی شہریت ترک کر دی ہے، لیکن آر او نے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے، جس کے بعد ٹربیونل بنچ نے بھی آر او کے فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ استدعا ہے کہ معزز عدالت حبیب جان بلوچ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے۔دوسری جانب ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے سے متعلق دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ شواہد کے مطابق مراد علی شاہ دہری شہریت ترک کر چکے ہیں۔