مری (نامہ نگار؍مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابی مہم کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کردیا جس کے نتیجے میں3افراد زخمی ہوگئے تاہم سابق وزیراعظم اس واقعے میں محفوظ رہے۔ شاہد خاقان عباسی کو اپنے حلقہ میں دوسری بار شدید مزاحمت کا سامنا پڑا ،مری کی یونین کونسل گہل کے علاقہ کوہٹی کاکڑائی میں انتخابی مہم کے دوران سابق وزیر اعظم کے قافلہ پر مقامی افراد کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا ،سنگ باری کرنے والے افراد مقامی سطح پر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور ترقیاتی کام نہ ہونے پر مشتعل تھے۔پتھراؤ کے باعث قافلے میں شامل 3 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک شناخت بشارت عباسی کے نام سے ہوئی ہے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی شاہد خاقان عباسی کا قافلہ کارنر میٹنگ کے لیے رُکا تو چند نوجوانوں نے پتھراؤ کردیا شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ سابق وزیراعظم کو پولیس اور پارٹی کارکنان بحفاظت نکال لیا، وہ کارنرمیٹنگ کے بغیر ہی واپس چلے گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔