کراچی(رپورٹ: راؤ افنان) الیکشن 2018 کے پیش نظر کراچی سے شناختی کارڈ تجدید اور رجسٹریشن کی تعداد 100 فیصد ہو گئی، پہلے تمام نادرا دفاتر کو یومیہ 8 ہزار شناختی کارڈ تجدید اور رجسٹریشن کی درخواستیں موصول ہوتی تھیں، تاہم اب یہ تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ نادرا نے ملک بھر سے 16جولائی سے پہلے موصول تمام درخواستوں پر شناختی کارڈ 25 جولائی سے پہلے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بروقت ترسیل کیلئے پرنٹنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری رہے گا، شہری زائد المعیاد شناختی کارڈ پر ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے پیش نظر ملک بھر سے صرف کراچی میں نادرا دفاتر کو شناختی کارڈ کی تجدید اور رجسٹریشن کی درخواستوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ امت کے رابطہ کرنے پر نادرا حکام نے بتایا کہ پہلے یومیہ 8 ہزار شناختی کارڈ تجدید اور رجسٹریشن کی درخواستیں آتی تھی تاہم اب یہ تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ امت نے اس متعلق نادرا کے مختلف دفاتر کی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ پہلے میگا سینٹر میں یومیہ 500 شناختی کارڈ سے متعلق درخواستیں آتی تھیں، جو اب ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ اسی طرح نادرا کی جانب سے شہر بھر میں 23 دفاتر ون ونڈو سروس فراہم کر رہے ہیں، جس سے شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید اور رجسٹریشن کرانے کی بہتر سہولت میسر ہوئی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین نادرا عثمان مبین کی زیر صدارت الیکشن کے پیش نظر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں طے پایا کہ 16 جولائی تک ملنے والی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے 25 جولائی سے پہلے شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شناختی کارڈ کی بروقت پرنٹنگ اور ترسیل 25جولائی سے پہلے کی جائے۔ ہدف کے حصول کیلئے پرنٹنگ کا عمل 24گھنٹے جاری رکھا جائے گا اور تمام دفاتر کھلے رہیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ تمام شناختی کارڈ بشمول نارمل کیٹیگری ہنگامی بنیادوں پر پرنٹ کئے جائیں۔ نادرا حکام کے مطابق 16 جولائی سے نادرا تمام درخواست گزاروں سے ان کے پرانے کارڈ ضبط نہیں کررہا، جبکہ زائد المعیاد شناختی کارڈ بھی ووٹ ڈالنے کیلئے استعمال ہوسکیں گے۔ حکام کے مطابق تمام نادرا سینٹرز ہفتہ و اتوارسمیت رات 9بجےتک کارڈ کی ترسیل کیلئے کھلے رہیں گے، جو 25 جولائی کو دن 2بجے تک نادرا دفاتر سے وصول کئے جاسکتے ہیں۔ نادرا حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا شناختی کارڈ متعلقہ دفاتر سے مقررہ اوقات میں وصول کرلیں۔ نادرا ترجمان فائق علی نے امت کو بتایا کہ شناختی کارڈ کیلئے جو درخواستیں 16 جولائی سے پہلے جمع کرائی گئی تھی، وہ ترجیحی بنیاد پر 25 جولائی سے پہلے جاری کئے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری زائد المعیاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈال سکتے ہیں، اس لئے 16 جولائی کے بعد ملنے والی درخواستوں پر نادرا زائد المعیاد شناختی کارڈ ضبط نہیں کر رہا۔ انہوں نے کراچی سے شناختی کارڈ کی رجسٹریشن اور تجدید کی درخواستوں میں اضافے سے متعلق بتایا کہ کراچی میں نادرا نے آپریشن بہتر بنایا ہے، جس کی وجہ سے یومیہ شناختی کارڈ اجرا کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔