گرینڈ الائنس پی پی کے تصادم میں 1ہلاک25زخمی

خیرپور/پڈعیدن (نمائندگان امت )خیرپور اور پڈعیدن میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور پیپلز پارٹی میں تصاد م کے نتیجے میں 1 کارکن جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے کارکن یاسر کلہوڑو کا تعلق پی پی سے ہے ،جو غوث علی شاہ کےگھر کے باہر پوسٹر پھاڑکر فرار ہوتے ہوئے گاڑی کی زد میں آگیا ۔جیالوں نے ریلی پر حملے کیخلاف دھرنا دیکر قومی شاہراہ بلاک کردی ۔ادھر پڈعیدن میں جی ڈے اے کی ریلی پر پی پی کارکنوں نے پتھراؤ کیا ،جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور میں جی ڈی اے کی جانب سے خیرپور کے ممتاز گرانڈ میں پاور شو کیا جارہا تھا،اسی دوران پیرگوٹھ میں پیپلزپارٹی کے اُمیدوار این اے 210سید جاوید علی شاہ اور پی ایس 32کے اُمیدوار نواب وسان کی جانب سے خیرپور سے پیرگوٹھ اپنا پاور شو دیکھانے کےلئے ایک ریلی نکالی تو شرکا کا فنکشنل آمنے سامنے آگئے ،نعرے بازی کے بعد ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کرد یا گیا ،جس سے دونوں پارٹیوں کے 15سے زائد کارکن زخمی ہو گئے ۔واقعہ کیخلاف جیالوں نے جاوید شاہ اور نواب وسان کی قیادت میں قومی شاہراہ پر ٹائر جلاکر دھرنا دیا ۔جب کہ مشتعل کارکنوں نے دکانیں بند کرادیں ۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ فنکشنل لیگ کے پی ایس 32کے اُمیدوار سید راشد شاہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔دھرنے کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ بعدازاں انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے دھرنا ختم کیا۔ دریں اثنا کچہری روڈ پر جی ڈی اے کے رہنما اور این اے 208کے اُمیدوار سید غوث علی شاہ کی رہائشگاہ پر مشتعل افراد نے پوسٹر پھاڑنے کی کوشش کی ،جب جی ڈی اے کارکن باہر نکلے توفرار ہوتے ہوئے پی پی کارکن یاسر کلہوڑو گاڑی کی ٹکر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ،جسے سول اسپتال خیرپور منتقل کیا گیا ،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں پڈعیدن میں جی ڈی اے رہنمااور پی ایس 34 کے امیدوار ڈاکٹر عبدالستار راجپر کی ریلی گاؤں جان محمد راجپر پہنچی تو کانٹوں کی باڑ لگا کر راستہ روک دیا گیا تھا،جہاں شر پسندوں نے پتھراؤ شروع کردیا ،جس سے پولیس اہلکار پرویز راجپر ،صحافی شکیل آرائیں ،صحافی ساجد جو یو، نعمان راجپر، سجاد راجپر، نثار راجپر، عمران راجپر ،مشتاق راجپر سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔

Comments (0)
Add Comment