الیکشن التوا پر شیخ رشید نے چیف جسٹس سے مدد مانگ لی

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کی نااہلی کے بعد این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات 60 روز کیلئے ملتوی کردیئے۔جس کے نتیجے میں شیخ رشید کی نیندیں اُڑگئیں اور انہوں نے الیکشن کمیشن کا اقدام غیر آئینی قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس سے مددمانگ لی ہے۔ اتوار کی شب ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت دنیا کی کوئی طاقت الیکشن نہیں روک سکتی، امید ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی راستہ اختیار کرے گا۔ چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ غیر آئینی کام کا نوٹس لیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اپنے سخت ترین ٖحریف کے میدان سے باہر ہونےکے بعد خود کو پارلیمنٹ میں بیٹھا دیکھ رہے تھے، تاہم اپنا یہ خواب چکناچور ہوتا دیکھ کر انہوں نےسازش کا واویلا بھی شروع کردیا اور دعوی کیا کہ مجھے اور عمران خان کو ہرانےکی سازش کی جارہی ہے، 20 لاکھ الیکشن میں لگ چکا ہے، ہزار سے زائد ٹینٹس کا ٹھیکا دے دیا تھا، شیخ ہوں مجھے تو رات کو نیند نہیں آرہی،شیخ رشید نے مزید کہا کہ اگریہ اختیار استعمال کرناتھا تو کیپٹن(ر)صفدرکے حلقے میں الیکشن ملتوی کیوں نہ ہوئے؟ بے شک حنیف عباسی کو جیل سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے، وہ جمہوریت کا قیدی نہیں، منشیات اسمگلنگ میں قید ہواہے، بعد ازاں لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے عمران خان کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ عالمی قوتیں نواز شریف کی زبان بول رہی ہیں اور پاکستان کے ریاستی اداروں کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق حنیف عباسی کی نااہلی بعد این اے 60 کے انتخابات سے متعلق منفی آرا قائم ہوئیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے انتخابی امیدواروں کو الیکشن مہم کے لیے مساوی مواقع مہیا کرنے کے لیے اس حلقے میں انتخاب 60 روز کیلئے ملتوی کیا جاتا ہے اوراسے عام انتخابات کے بعد منعقد کیا جائے گا۔ دریں اثنا راولپنڈی پولیس نے حنیف عباسی کے بیٹے سمیت 60 سے زائد (ن) لیگی رہنماؤں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور عدالت میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔تھانہ سول لائنز پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں حنیف عباسی کے بیٹے حماد عباسی، سابق ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ، راجہ عثمان، فیضان شاہ، شوکت عباسی، عابد عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سمیت 50 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment