کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) انتخابی ڈیوٹیوں کے سبب بلدیہ عظمیٰ کے امراض قلب اسپتال( کے آئی ایچ ڈی ) کی بندش کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اس صورتحال میں اسپتال انتظامیہ نے مریضوں کو طبی سہولتیں فرا ہم کرنے سے معذوری ظاہر کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے بلدیہ عظمیٰ کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کو تحریری لیٹر میں آگاہ کیاہے کہ اسپتال کے ڈاکٹرز ،نرسز ، طبی عملے کی الیکشن ڈیوٹیوں کی وجہ سے اسپتال میں عملے کی شدید قلت ہوگی اس لئے سی سی یو ، میل وارڈز ، فیمیل وارڈز میں طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن نہیں رہی ۔اس دوران اسپتال میں صرف ایمرجنسی سروسز فراہم ہو سکتی ہے ۔ اس حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی نے امت کو بتایا کہ عملے کو انتخابی ڈیوٹیوں پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسپتالوں کیلئے الرٹ بھی جاری کیا گیاہے ۔ ان حالات میں مشکلات ہو سکتی ہیں۔