پی ٹی آئی کے حامی کمپنی مالکان نے مزدور جلسہ گاہ بھجوائے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف بھی متحدہ کے نقشے قدم پر چل پڑی۔ اتوار کو عمران خان کا جلسہ کامیاب بنانے کے لئے اسپتالوں، کارخانوں، زیر تعمیر رہائشی و کمرشل پروجیکٹس و دیگر مقامات سے ایک ہزار سے زائد مزدور پیسوں کا لالچ دے کر جلسہ گاہ لائے گئے۔ ڈیفنس سے بڑی تعداد میں لائے گئے مزدوروں کو جلسے میں نہ جانے پر 5دیہاڑیو ں سے محروم کرنے کی دھمکی دی گئی۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو تحریک انصاف کے کارکنان نے اسپتالوں اور دیگر مقامات پر شہریوں کو یرغمال بنائے رکھا۔ہر گلی اور اسپتالوں سے کم از کم 5مزدور جلسہ گاہ لانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ ’’امت‘‘ کو جلسے گاہ میں ہجرت کالونی کے رہائشی اللہ نور نے بتایا کہ دیر شیخ نے کہا تھا کہ جلسے میں شرکت پر انہیں 500روپے دیے جائیں گے۔سہراب گوٹھ کے آصف نے بتایا کہ این اے 242کے امیدوار نے ایک ہزار روپے دیے ہیں جلسے میں شرکت کرنے کیلئے۔سولجر بازار کے رہائشی محمد رحیم نے بتایا کہ ان کی والدہ جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ادویات خریدنے کے پیسے ختم ہونے پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے جلسے میں شرکت کرنے پر 2ہزار روپے دیے ہیں۔محمود آباد کے سکندر کا کہنا تھا کہ انہیں 1500روپے کی دیہاڑی کا لالچ دے کر لایا گیا۔ کلفٹن سے آئے راشد نے بتایا کہ انہیں پی ٹی آئی ورکر بدین خان کھانے پینے اور 1500 روپے فی فرد دینے کا کہہ کر جلسہ گاہ لائے ہم پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں۔گلستان جوہر کے مکین علی نے بتایا کہ اسے 500 دینے کا لالچ دیا گیا۔پٹیل پاڑہ میں عامر لیاقت کی ٹیم کی ساجد، کامران،محمد ابرار اور رمیز کو 2ہزار روپے دے کرجلسہ گاہ لائی۔ دانیال، شیر علی،طلحہ کو این اے 236کی ٹیم 3ہزار روپے دے کر لائی۔معلوم ہوا ہے کہ ڈیفنس فیز 8 میں نجی کمپنی کی ایک عمارت زیر تعمیر ہے، جس کے مالکان تحریک انصاف کے حامی ہیں۔کمپنی ملازم غلام نبی نے بتایا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے ہفتے کو کمپنی کا دورہ کیا تھا، جس پر مالک نے ہمیں بتایا کہ آپ کو تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کرنی ہے۔ جلسے میں شرکت پر انکار کرنے سے مالک نے 5دن کی دیہاڑی کاٹنے کی دھمکی دی۔عرفان اللہ نے بتایا کہ اسے برطرفی کی دھمکی دی گئی۔ غلام رسول کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنان جلسے میں شرکت پر کھانے اور 500روپے دینے کا وعدہ کر کے جلسہ گاہ لائے لیکن وعدہ نہیں نبھایا گیا ۔راشد نے بتایا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اسے زبردستی جلسہ گاہ لائے۔ جی7بس نمبر 3959میں آئے ہوئے مزدور عبدالحمید نے بتایا کہ کمپنی مالک نے جلسے میں نہ جانے پر 5دن کی رقم نہ دینے کی دھمکی دی۔پی ای3729 بس میں آئے شوکت علی نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر سودا لینے نکلا تھا لیکن تحریک انصاف کے کارکن زبردستی مجھے گھسیٹ لے آئے۔جلسہ گاہ میں روٹ نمبر ایکس 10بس میں 300سے زائد مزدور لائے گئے جن کو مقامی قیادت نے دوگنا پیسے دینے کا لالچ دیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment