کراچی (اسٹاف رپورٹر) این اے 248 میں صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواروں کی اکثریت میٹرک اور انٹر پاس نکلی۔ ماسٹرز ڈگری رکھنے والی واحد امیدوار ایم کیو ایم کی منگلا شرما ہیں۔ این اے 248میں پی پی امیدوار عبدالقادر پٹیل کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے۔ تحریک انصاف کے سردار عزیز بھی گریجویٹ جب کہ مجلس عمل کے امیدوار گل محمد آفریدی ایف اے پاس ہیں۔ تحریک لبیک کے اصغر محمود نے مڈل کلاس تک تعلیم حاصل کی ہے۔ ن لیگ کے سلمان خان کی تعلیمی قابلیت بی ای ہے۔ پی ایس 112پر پی پی امیدوار لیاقت علی اسکانی اور تحریک انصاف کے امجد اقبال آفریدی کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے۔ مجلس عمل کے نیک امان اللہ انٹرمیڈیٹ، اللہ اکبر تحریک کے اعجاز چوہدری میٹرک، مسلم لیگ ن کے سلیم جاوید مڈل پاس ہیں۔ اے این پی کے آصف خان یوسفزئی نے بی ای کیا ہوا ہے، جب کہ ایم کیو ایم کی افشاں قمبر بھی گریجویٹ ہیں، جو این اے 248سے بھی امیدوار ہیں۔ پی ایس 113میں ایم کیو ایم کی امیدوار منگلا شرما کی تعلیمی قابلیت ماسٹرز ہے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہمایوں محمد خان، تحریک انصاف کے شاہ نواز جدون، مجلس عمل کے سجاد احمد خان، پاسبان کے علی خان اور پی ایس پی کے علی محمد نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی ہے۔