کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) این اے 248میں موجود محسود، مہمند، آفریدی، ہزارہ، چھاچھی، اعوان، مشوانی برادریوں اور آئمہ کرام نے مجلس عمل امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 248میں موجود گلشن سکندر آباد ، کیماڑی ، سلطان آباد اور مچھر کالونی میں آباد اعوان برادری نے مجلس عمل کی حمایت کا اعلان کیا ہے، حلقے میں اعوان برادری کے ڈیڑھ سے 2ہزار ووٹ ہیں۔ ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے شفیق اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں اعوان برادری نے ن لیگ کی حمایت کی تھی اور علاقے سے ن لیگ کے ٹکٹ پر ہمایوں خان کو کامیاب کروایا تھا، تاہم گزشتہ 5 سال میں علاقے کی ترقی اور مکینوں کے مسائل کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، جس پر اب برادری نے مجلس عمل کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ حلقے میں موجود ہزارہ برادری نے بھی مجلس عمل امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے سردار ہزاروی نے بتایاکہ گزشتہ انتخابات میں انہوں نے جماعت اسلامی کی حمایت کی تھی، جب کہ اس بار بھی ہزارہ برادری دینی اتحاد کو ووٹ ڈالے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقے میں ہزارہ برادری کے 5ہزار تک ووٹ ہیں۔ چھاچھی برادری کے رہنما سعید خان چھاچھی کا کہنا تھا کہ ہم اپنا ووٹ مجلس عمل کے امیدواروں کے حق میں ڈالیں گے۔ سلطان آباد میں واقع مدرسہ دار الارقم اور مسجد ابراہیم سلطان آباد کے خطیب مولانا عبدالرئوف محسود، کراچی پورٹ ٹرسٹ میں واقع مسجد کے امام مفتی ارشد مشوانی سمیت کئی آئمہ کرام نے بھی مجلس عمل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مولانا عبدالرئوف محسود نے بتایا کہ محسود برادری میں مختلف جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں، تاہم گزشتہ انتخابات میں سلطان آباد سے انہوں نے جمعیت علما اسلام کے امیدوار کی حمایت کی تھی اور سلطان آباد سے قریباً ساڑھے6ہزار ووٹ جے یو آئی امیدوار کو پڑے تھے۔ اس بار بھی دینی تعلق کی وجہ سے انہوں نے مجلس عمل کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور مکینوں کو دینی اتحاد کامیاب کرانے کی تلقین کی ہے۔ مفتی ارشد مشوانی نے بتایا کہ وہ مجلس عمل کی کارنر میٹنگ میں شریک ہوئے اور علاقہ مکینوں کو بھی سفارش کی ہے کہ وہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔