کراچی (اسٹاف رپورٹر) این اے 248 میں شامل کچھی پاڑے سے بالعموم پی پی امیدوار کامیاب ہوتے آئے ہیں، تاہم اس بار یہاں کے ووٹرز تحریک لبیک کے امیدواروں کی مہم چلا رہے ہیں، جو پی پی کے سابق ایم این اے عبدالقادر پٹیل کیلئے کسی دھچکے سے کم نہیں۔ تفصیلات کے مطابق این اے 248 میں شامل کیماڑی کے علاقے کچھی پاڑہ / مسان روڈ کے مکینوں نے اس بار پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل کی جگہ تحریک لبیک کی حمایت کر دی ہے۔ یہاں لیاری کی طرح کچھیوں کی مختلف برادریاں رہائش پذیر ہیں، جن میں ہنگورہ ، سنگھار ، سومرو اور راہموں برادریاں شامل ہیں۔ بریلوی مکتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذکورہ برادریاں ماضی میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتی آئی ہیں، تاہم اس بار انہوں نے تحریک لبیک کو سپورٹ کیا ہے۔