الیکشن ڈیوٹی کیلئے پولیس کی اضافی نفری- پرائیویٹ گارڈ پہنچا دیئے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جنرل الیکشن 2018 کے دوران سیکورٹی کیلئے تھانوں میں پولیس کی نفری اور پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ جو جنرل الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر سیکورٹی کے فرائض انجام دینگے اور پولنگ اسٹیشن میں آنے والے ووٹرز کی تلاشی لینے کے بعد انہیں پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت دینگے ، جبکہ خواتین ووٹرز کے لیے پولیس کی خواتین اہلکار بھی موجود ہونگی جو خواتین کی تلاشی لینے کے بعد انکے اصل قومی شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت ہوگی ،جبکہ پولنگ اسٹیشن کے اطراف میں موجود بلند عمارتوں میں پولیس کے ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائینگے۔ ‘‘امت’’ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او لیاقت آباد ارشد اعوان نے بتایا کہ جنرل الیکشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری تھانوں میں بھیج دی گئی ہے۔ الیکشن کو پرامن بنانے کیلئے پولیس تمام سیکورٹی کے انتظامات سنبھالے گی۔ ایس ایچ او پریڈی وسیم نے بتایا کہ اضافی نفری ڈی آئی جی کی طرف سے تھانوں میں بھیجنے کا عمل شروع ہوگیا ہے ، ابھی تک ہمیں 25 اہلکار کی اضافی نفری بھیج دی ہے جبکہ مزید نفری آج ملے گی ان کا کہنا تھا کہ اضافی نفری 16 پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ بھی ملے گی۔ امت نے سیکورٹی گارڈ کے حوالے سے ایس ایچ او سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر دو سیکورٹی گارڈ تعینات کیے جائینگے اور ان کا کام صرف پولنگ اسٹیشن میں آنے والے ووٹرز کی لائن لگانا ہوگا جبکہ ووٹرز کی چیکنگ کرنے کا کام پولیس اہلکار کرینگے۔ ایس ایچ او صدر عدیل رضا نے بتایا کہ انہیں ابھی تک اضافی نفری نہیں ملی ہے اضافی نفری آج ملے گی جس میں خواتین اہلکار میں بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب الیکشن سے قبل کراچی کے مختلف تھانوں کی حدود میں لگنے والے پتھاروں کو پولیس نے ہٹانا شروع کر دیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment