کراچی (پ ر) جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری اور حلقہ این اے245 سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سرکاری کواٹرز کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ بد قسمتی سے جن سیاسی نمائندوں نے ماضی میں وعدے کیے تھے۔ انہوں نے ہی اس معاملے کو بگاڑ دیا۔ ہم اس مسئلے کو خالصتاً انسانی حقوق کا معاملہ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارٹن کواٹرز اور سرکاری کواٹرز کے مکینوں کے مسئلے پر کل جماعتی کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارٹن کواٹرز میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے خواجہ طارق نذیر، طاہر شہزادہ، پی ایس پی کے ڈاکٹر صغیر احمد، مجلس عمل کے نجیب ایوبی، محمد اسلم غوری اور کلیم الحق عثمانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔