اسلام آباد(بیورورپورٹ/مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک اللہ اکبر کے امیدواروں پر امریکی اعتراضات بے بنیاد نکلے،الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی،تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے تحریک اللہ اکبر کے3 امیدواروں پر اعتراضات کے بعد وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا،امریکہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ تحریک اللہ اکبر کے تین امیدواروں کے نام اقوام متحدہ کی واچ لسٹ میں موجود ہیں،وزارت داخلہ کی جانب سے تحفظات ظاہر کرنے پر الیکشن کمیشن نے تینوں اہلکاروں کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا تھا،منگل کو تینوں امیدوار محمد اشرف، ظفر اقبال اور احسان رانجھا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی تاہم متعلقہ افراد نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ نام ان کے نام سے مماثلت رکھتے ہیں لیکن ولدیت مختلف ہے۔سماعت میں وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوا۔وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن سے ایک روز قبل امیدواروں کو طلب کرنا زیادتی ہے۔الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو تحریری جواب سمیت پاسپورٹ اور شناختی کارڈز کی نقول جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔